Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک بھر میں بارشوں کے نئے سلسلے کا آج سے آغاز، کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کب ہوگی

پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال کی رپورٹ جاری کر دی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کردی جبکہ سندھ بھر میں آج سے مون سون ہواؤں کا سلسلہ داخل ہوگا، کراچی میں کل سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال کی رپورٹ جاری کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سبب بننے والا ہوا کا کم دباؤ جنوب کی طرف بڑھنے کا امکان ہے، 16 اگست کی شام سے بحیرہ عرب سے ملک کے جنوبی علاقوں میں مون سون کی مضبوط ہوائیں داخل ہونے کی توقع ہے۔

مون سون ہواؤں کے باعث بلوچستان میں 16 سے 19 اگست کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش، بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ 16 سے 20 اگست کے دوران کشمیر میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

16 سے 20 اگست کے دوران اسلام آباد اور پنجاب کے بیشتر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ 16 سے 20 اگست کے دوران خیبر پختونخوا میں بھی گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بادل برس سکتے ہیں۔

ملک میں نئے مون سون اسپیل کی انٹری، موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، بجلی معطل

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ 16 سے 18 اگست کے دوران سندھ میں سکھر، شکار پور، کشمور، خیرپور، نوشہرو فیروز، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، تھر پارکر، مٹھی، میرپور خاص، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی توقع کی جا رہی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ 17 سے 19 اگست تک کراچی میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ بارشوں کے دوران بلوچستان اور سندھ کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارشوں کے باعث ملک کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، شدید بارشوں، آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے باعث کمزور انفراسٹرکچر، کچے گھر، دیواروں، بل بورڈز، سولر پینل کو نقصان پہنچ سکتا ہے، کسان، مسافر اور سیاح بارشوں کے دوران محتاط رہیں۔

کراچی

کراچی میں مطلع ابر آلود اور موسم خوشگوار ہے جبکہ شہر میں آج بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27 اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اس وقت شہر میں جنوب مغربی سمت سے 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

بلوچستان

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، کوئٹہ، زیارت، شیرانی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، قلعہ عبد اللہ، مستونگ، سبی، شیرانی، کوہلو، بولان، ہرنائی، نصیر آباد، جھل مگسی، جعفرآباد، خضدار، لسبیلہ، قلات اور آواران میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کا امکان، کراچی میں بھی رم جھم متوقع

گزشتہ روز کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38، قلات میں31، ژوب میں 30، زیارت میں 24، سبی میں 43 اور تربت میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ نوکنڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 49، چمن میں 40 گوادر میں 34 اور جیوانی میں 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بالائی علاقوں چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ،، شانگلہ، باجوڑ، بٹگرام، اور ایبٹ اباد، کے اضلاع میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ صوبہ کے میدانی علاقوں مردان، چارسدہ، پشاور، خیبر، کوہاٹ، کرک، ہنگو ، بنو میں بھی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش ہو گی۔

عوام تیاری کرلیں، ملک کے مختلف شہروں میں بارش ہونے والی ہے

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں سب سے زیادہ درجہِ حرارت ڈی آئی خان میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ اور پشاور کا درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب

مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں اور ندی نالوں میں سیلابی صورتحال میں اضافہ ہو رہا ہے، دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادرآباد میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے راوی میں بھی پانی کی مقدار میں اضافہ ہو رہا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال کی رپورٹ جاری کر دی، ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے، دریائے چناب میں پانی کی سطح 2 لاکھ سے اڑھائی لاکھ کیوسک تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔

دریائے راوی میں بھی سیلابی پانی کی مقدار میں اضافہ متوقع ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں جسر اور شاہدرہ کے مقام سے 40 سے 55 ہزار کیوسک کا ریلہ گزرے گا جبکہ نالہ بئیں میں درمیانے درجے اور نالہ پلکو میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔

تاہم پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

ڈی جی عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ ہائی الرٹ ہے، دریائے چناب، راوی اور ندی نالوں سے ملحقہ انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے اور دریاؤں کے پاٹ میں مقیم شہریوں کا انخلاء یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں ہیں

Met Office

Rain

cloudy weather

Karachi Rain

monsoon rains

rainy weather

moon soon rain

HEAVY RAINS EXPECTED