Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

سیاسی بدعنوانیاں، جاپانی وزیراعظم عہدے سے سبکدوش

جاپان میں پہلی بار خاتون وزیراعظم کی آمد کا امکان
شائع 15 اگست 2024 06:50pm

جاپان کے وزیراعظم فومیو کیشیدا نے اپنے عہدے سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے، ان کے اس فیصلے سے سیاسی بدعنوانیوں کے الزامات سے متاثر ان کے تین سالہ دور حکومت کا اختتام ہو جائے گا۔

لبرل ڈیموکریٹک پارٹی گزشتہ کئی دہائیوں سے جاپان میں اقتدار میں ہے۔ پارٹی کا صدر ہی عام طور پر ملک کا وزیر اعظم بھی ہوتا ہے۔

کیشیدا کے فیصلے سے پارٹی کیلئے اپنا نیا سربراہ منت‍‍خب کرنے کا راستہ ہموار ہو گیا ہے اور پارٹی اپنی قیادت کے اگلے انتخاب میں ایک نئے معیار کے حامل رہنما کا انتخاب کرسکے گی۔

اگلے ماہ الیکشن میں کامیاب ہونے والا پارٹی صدر اور وزیر اعظم دونوں کی جگہ لے گا۔

اس سال کے اوائل میں بلدیاتی انتخابات میں ہونے والے نقصانات نے پارٹی کو ایک نیا چہرہ سامنے لانے کے لیے سوچنے پر مجبور کردیا تھا، تاکہ اسے قومی انت‍خابات میں پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

کیشیدا نے کہا کہ اسکینڈلز کے واقعات نے پارٹی کے تئیں عوام کے اعتماد کو کمزورکیا ہے اور پارٹی کو تبدیلی کے لیے اپنے عزم کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

پارٹی کو سب سے زیادہ نقصان اس وقت ہوا جب اس کے درجنوں اہم اراکین پارلیمنٹ حاصل کیے گئے سیاسی عطیات کی وضاحت کرنے میں ناکام رہے۔ اس کے علاوہ کوریا میں قائم یونیفیکیشن چرچ کے ساتھ ایل ڈی پی کے کئی دہائیوں پرانے تعلقات کا تنازعہ دوبارہ کھڑا ہو گیا۔

نئے رہنما اسکینڈل‍ز سے بدنام پارٹی کے امیج کو بہتر بنانے میں مددگار ‍ثابت ہو سکتے ہیں۔ بعض تجزیہ کاروں کا ‍خیال ہے کہ ملک پہلی مرتبہ کسی خاتون وزیر اعظم کا انتخاب کرسکتا ہے۔

وزیراعظم فومیو کیشیدا نے کہا ہے کہ وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے کہ پارٹی کے نئے سربراہ اور وزیر اعظم کے طور پر کون سب سے بہتر ہوگا۔

تاہم پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں پر ایل ڈی پی کی اکثریت ہونے کی وجہ سے اسی پارٹی کا اگلا وزیر اعظم بننا یقینی ہے۔

کچھ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگلے عام انتخابات جلد کرائے جاسکتے ہیں۔

ایوان زیریں کی موجودہ مدت اکتوبر 2025 میں ختم ہونے والی ہے لیکن ایل ڈی پی کے پاس ایک نیا لیڈر ہونے کے بعد، حکومت کسی بھی وقت انت‍خابات کا اعلان کرسکتی ہے۔

اس الیکشن میں بیشتر عوام کی کوئی حصہ داری نہیں ہوگی بلکہ پارٹی کے 1.1 ملین اراکین ہی نئے لیڈر کا فیصلہ کریں گے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کیشیدا کی جگہ لینے کی دوڑ میں کون آگے ہے۔ قیاس آرائیاں ایل ڈی پی کے کئی سینئر ارکان پر مرکوز ہیں۔

ان میں سے تین نام خواتین کے ہیں، جس سے اس بات کا امکان بڑھ جاتا ہے کہ جاپان کی مردوں کی بالادستی والی سیاست میں کوئی خاتون اس بار سربراہ بن سکتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایل ڈی پی کو اپنی امیج تبدیل کرنے کی ضرورت اور یہی اس طرح کے فیصلے کے لئے مجبور کرسکتی ہے۔

ماضی میں پارٹی کی قیادت کے لیے صرف تین خواتین انتخاب میں حصہ لے سکی ہیں، جن میں سے دو نے 2021 میں کیشیدا کے خلاف انتخاب لڑا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ رائے دہندگان ایل ڈی پی کو اس کے اسکینڈلز پر سزا دینا تو چاہتے ہیں، لیکن وہ اپوزیشن جماعتوں کو قابل عمل متبادل کے طور پر نہیں دیکھتے۔

resignation

Japan

Japanese Prime Minister

Fumio Kishida