Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
13 Jumada Al-Awwal 1446  

سابق برطانوی ٹیسٹ کرکٹر نے خودکشی کرلی

55 سالہ گراہم تھارپ کو شدید ڈپریشن لاحق رہا، 13 برس میں 100 ٹیسٹ اور 82 ایک روزہ میچ کھیلے۔
شائع 12 اگست 2024 06:28pm

برطانیہ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر گراہم تھارپ کے پس ماندگان نے بتایا ہے کہ گزشتہ ہفتے اُن کی طبعی موت واقع نہیں ہوئی تھی بلکہ انہوں نے خود کشی کی تھی۔

55 سالہ گراہم تھارپ کئی سال سے شدید ڈپریشن کا شکار تھے۔ گراہم تھارپ کی بیوہ امینڈا نے بتایا ہے کہ انہوں نے 2022 میں بھی اپنی جان لینے کی کوشش کی تھی۔ گراہم تھارپ کے پس ماندگان نے 5 اگست کو ان کی موت کا اعلان کیا تھا۔

گراہم تھارپ نے 1993 میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ سے ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے ڈیبیو پر سینچری اسکور کی تھی جو بیس سال میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ تھا۔ انہوں نے 100 ٹیسٹ میچ اور 82 ایک روزہ میچ کھیلے۔

امینڈا تھارپ نے بتایا کہ گراہم تھارپ کئی سال سے شدید بے چینی اور ڈپریشن کا شکار تھے۔ فیملی نے ان کا پورا خیال رکھا مگر وہ زندہ رہنے کی امنگ اپنے اندر پیدا نہ کر پائے۔

2022 میں خود کشی کی کوشش کے بعد اہلِ خانہ نے ان کا پورا خیال رکھا، ان کا بھرپور ساتھ دیا اور نگرانی بھی کی۔

1993 سے 2005 کے دوران انٹرنیشنل کریئر میں 9 ہزار سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے گراہم تھارپ کا خیال تھا کہ ان کی فیملی اس کے بغیر زیادہ سکون سے جی سکے گی۔

گراہم تھارپ کی دو بیٹیاں ہیں۔ مالی پریشانی بھی نہ تھی مگر اس کے باوجود گراہم تھارپ اپنے ڈپریشن پر قابو نہ پاسکے۔

گراہم تھارپ کو مارچ 2022 میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تاہم ذہنی صحت کی خرابی کے باعث وہ اس حیثیت میں خدمات انجام نہ دے سکے۔

گراہم تھارپ نے 100 ٹیسٹ میچوں میں 44.7 کے اوسط سے 6744 رنز اسکور کیے۔ انہوں نے کئی مواقع پر انگلینڈ کے لیے فیصلہ کن اننگز کھیلیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف 2002 میں 200 رنز گراہم تھارپ کا بہترین اسکور تھا۔ انہوں نے 82 ایک روزہ میچوں میں 37.2 کے اوسط سے 2380 رنز اسکور کیے۔

گراہم تھارپ نے کراچی میں 64 رنز (ناٹ آؤٹ) اسکور کرکے انگلینڈ کو پاکستان میں 39 سال میں پہلی ٹیسٹ سیریز جتوائی تھی۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد گراہم تھارپ نے کوچنگ شروع کردی تھی۔

آپ تنہا نہیں، مدد دستیاب ہے

ذہنی دباؤ اور پریشانی آج کی تیز رفتار زندگی میں بہت عام ہے۔ مشکلات سے نمٹنے کیلئے ہر انسان کو سہارے، اچھے مشورے اور رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ براہ کرم آپ ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔

  • اگر آپ اداس محسوس کر رہے ہیں۔ آپ تنگ ماحول میں کام کرنے کی وجہ سے تناؤ محسوس کر رہے ہیں۔

  • کسی بھی بیماری کی وجہ سے پریشانی محسوس کر رہے ہیں یا حال میں آپ کوئی ذہنی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔

  • آپ کے ڈاکٹر نے آپ کو کونسلنگ لینے کا مشورہ دیا ہے، آپ محسوس کر رہے ہیں کہ آپ کیفیت کو کوئی نہیں سمجھ رہا ہے۔

آپ درج ذیل ہیلپ لائنز سے رابطہ کرسکتے ہیں اور ان سے بات کرسکتے ہیں۔

  • مائنڈ آرگنائزیشن: 35761999 042

  • امنگ: 4288665 0317

  • ٹاک ٹومی ڈاٹ پی کے: 4065139 0333

  • بات کرو: 5743344 0335

  • تسکین: 5267936 0332

  • روح: 3337664 0333

  • روزن: 22444 0800

  • اوپن کونسلنگ 35761999 042

یہاں یہ بات اہم ہے کہ آپ کو کیا کرنا چاہیے۔ اگر آپ کا کوئی جاننے والا فرد خودکشی کرنے کی کوشش کرتا ہے یا کسی بھی طرح کی علامات ظاہر کرتا ہے، تو براہ کرم درج ذیل ہدایات پرلازمی عمل کریں۔

  • اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں کہ انہیں تنہا نہ چھوڑیں۔

  • ایسی چیزوں کو اِن کے پاس سے ہٹا دیں جس سے وہ خود کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

  • ایسے فرد کو طبی یا ذہنی صحت کے ماہر سے مدد لینے کے لیے اس کی حوصلہ افزائی کریں۔

GRAHAM THORPE

ACUTE DEPRESSION

SEVERE ANXIETY

FORMER TEST AND ODI CRICKETER

LOST INTEREST IN LIFE