Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پیرس اولمپکس رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر، امریکا نے میدان مار لیا

اسٹیڈیم ڈی فرانس میں رنگا رنگ اختتامی تقریب منعقد کی گئی جبکہ اسٹیڈیم رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا
شائع 12 اگست 2024 08:50am

کھیلوں کی دنیا کا سب سے بڑا میلہ پیرس اولمپکس رنگارنگ اختتامی تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا، امریکا 126 میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ چین نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

پیرس میں 26 جولائی سے شروع ہونے والا کھیلوں کی دنیا کا سب سے بڑا میلہ پیرس اولمپکس 2024 اختتام پذیر ہوگیا، اسٹیڈیم ڈی فرانس میں رنگا رنگ اختتامی تقریب منعقد کی گئی جبکہ اسٹیڈیم رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔

اختتامی تقریب میں مختلف مملکوں کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا، ایتھلیٹ فائقہ ریاض نے قومی پرچم اٹھا کر ملک کی نمائندگی کی۔ کم جونگ اُن اور ڈونلڈ ٹرمپ کا روپ دھارنے والے اختتامی تقریب میں توجہ کا مرکز بنے رہے۔

اس کے بعد فنکاروں نے خوب رنگا جمایا، سینکڑوں فنکاروں نے دلکش پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور ان کی اہلیہ بھی اختتامی تقریب میں شریک ہوئے۔

پیرس اولپمکس میں ’سیاسی نعرے‘ پر افغان خاتون کھلاڑی نااہل قرار

اولمپکس مقابلوں کے انعقاد کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے 45 ہزار رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اس کے بعد میوزک کی جھنکار ہوئی، جس سے اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کے ساتھ ایتھلیٹس بھی خوب محظوظ ہوئے۔

اسٹیج پر پیرس اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر ٹونی اسٹیگوئٹ اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس بیخ 6 نمایاں ایتھلیٹس کے ساتھ اسٹیج پر آئے۔

اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر ٹونی اسٹیگوئٹ نے اپنے خطاب میں ایتھلیٹس اور تھامس بیخ نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور گیمز کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔

تھامس بیخ نے 2028 اولمپکس کے میزبان لاس اینجلس کی میئر کو اولمپک فلیگ دیا جس کے بعد منفرد انداز میں ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز کی اسٹیڈیم میں انٹری ہوئی اور وہ اولمپکس فیلگ کے ساتھ روانہ ہوگئے۔

آخر میں تھامس بیخ کے پیرس اولمپکس کے باقاعدہ اختتام کے اعلان کے ساتھ اولمپک فلیم کو بجھا دیا گیا اور دلکش آتش بازی کے ساتھ تقریب بھی ختم ہوئی۔

حاملہ ہونے کے باجود پیرس اولمپکس میں ملک کی نمائندگی کرنے والی مصری کھلاڑی

اولمپکس میچ کے دوران شادی کی انگوٹھی گم ہونے پر کھلاڑی روتے ہوئے اہلیہ سے معافی مانگنے لگا

پیرس اولمپکس: قانون کی خلاف ورزی پر بھارتی ریسلر ٹیم سمیت ڈی پورٹ

اولمپکس کے اختتام پر امریکا نے 40 گولڈ، 44 سلور اور 42 برانز میڈلز کے ساتھ میلہ لوٹ لیا جبکہ چین نے 40 گولڈ، 27 سلور اور 24 براؤنز میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی، اسی طرح جاپان کا تیسرا نمبر رہا۔

اولمپکس گیمز میں پاکستان ایک گولڈ میڈل کے ساتھ باسٹھ ویں نمبر پر رہا جبکہ بھارت 117 رکنی دستے کے ساتھ ایک بھی گولڈ میڈل نہ جیت سکا اور وہ 71 ویں نمبر پررہا۔

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں اوکمپکس گیمز میں 16 دنوں کے دوران 329 تمغوں کے مقابلے ہوئے جبکہ اولمپکس دو ہزار اٹھائیس کا میلہ لاس اینجلس میں سجے گا۔

Olympics

PARIS

paris olympics

olympics 2024

united states of america

olympic athlete

paris olympics 2024

gold medals

2024 Olympics

olympics medals

Gold Medal Winner