گورنر سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ چند روز میں ہوجائے گا، اسحاق ڈار کی تصدیق
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ چند روز میں ہوجائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بشیر میمن کو گورنر سندھ نہیں لگایا جا رہا۔
دو روز قبل ہی اسحاق ڈار نے گورنر سندھ کی تبدیلی سے متعلق خبروں کی تردید کی تھی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ عہدے آنے جانے ہوتے ہیں، کوئی ساری زندگی ان پرنہیں رہتا، لیکن ایسے کام کرکے جانا چاہیے کہ لوگ آپ کو یاد رکھیں۔
ایم کیو ایم پاکستان نے بھی گورنر سندھ کی تبدیلی کی خبروں کو افواہ قرار دیا ہے۔
ایم کیو ایم کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ آج وزیراعظم شہباز شریف صبح آٹھ بجے سے میرے ساتھ ہیں انہوں نے تو ایسا کچھ نہیں بتایام اگر حکومت ایسا کوئی فیصلہ کرتی تو ہمیں اعتماد میں لیا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا یہ صرف افواہیں ہیں، وزیراعظم ہر فیصلے میں ہمیں اعتماد میں لیتے ہیں، اگر ایسا کچھ ہوتا تو اس پر بھی اعتماد میں لیتے، ایسی خبریں چلتی رہتی ہیں اگر ایسے کوئی فیصلے ہوتے ہیں تو پھر ایم کیو ایم قیادت بیٹھے گی اور اپنا فیصلہ اور لائحہ عمل بنائیں گے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل میڈیا پر خبر آئی تھی کہ حکومت نے گورنر سندھ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس معاملے پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں بشیر میمن کے نام پر اتفاق ہوا ہے۔
Comments are closed on this story.