Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

فیصل آباد: 9 گھنٹے جاری آپریشن ختم، اسلحہ کے زور پر اپنے ہی بیوی بچوں کو یرغمال بنانے والا ذہنی مرض گرفتار

ملزم ابرار آئس نشے کا بھی عادی ہے، دو سال قبل بھی بیوی بچوں کو گھر میں یرغمال بنایا تھا، پولیس
شائع 11 اگست 2024 09:16pm

فیصل آباد میں ابرار نامی مبینہ ذہنی مریض شخص نے اسلحہ کے زور پر اپنے ہی بیوی بچوں کو گھر کے کمرے میں یرغمال بنا لیا، ملزم نے ہوائی فائرنگ بھی کی، پولیس نے مبینہ ذہنی مریض شخص کے چنگل سے اہل خانہ کو 9 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد بازیاب کروا لیا۔

فیصل آباد میں تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ 118 ر ب باٹھاں میں ملزم ابرار نے اسلحہ کے زور پر اپنی بیوی ،دو بیٹیوں اور ایک بیٹے کو گھر کے کمرے میں یرغمال بنا لیا۔

پولیس کو اطلاع ملی تو بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر گھر کا گھیراؤ کرلیا، جس پر ملزم کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔

ابتدائی طور پر پولیس افسران نے دو بچوں کو ملزم سے بازیاب کروایا، جبکہ بیوی اور بچی گھر میں موجود رہے۔

مبینہ ذہنی مریض شخص کا کہنا تھا کہ کسی نے دروازہ توڑنے کی کوشش کی تو گولی مار دوں گا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم ابرار آئس نشے کا بھی عادی ہے، دو سال قبل بھی بیوی بچوں کو گھر میں یرغمال بنایا تھا جبکہ دو روز قبل ملزم میکے سے روٹھی بیوی کو منا کر گھر لایا تھا۔

اس موقع پر سی پی او کامران عادل کا کہنا تھا کہ ملزم سے مذاکرات جاری ہیں، دیگر افراد کو بھی جلد بازیاب کرالیا جائے گا۔

ملزم کو سمجھانے کے لئے بہن بھائیوں نے کوششیں جاری رکھیں، جبکہ سائیکالوجسٹ کو بھی بلوا لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 9 گھنٹے کے طویل ریسکیو آپریشن کے بعد تمام بچوں اور خاتون کو بازیاب کروالیا گیا ہے، ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ قبضہ میں لے لیا گیا ہے۔

Faisalabad

Hostage Situation