Aaj News

بدھ, جنوری 15, 2025  
14 Rajab 1446  

فلسطینیوں کو بھوکا مارنے کے بیان پر اسرائیلی وزیر کو سزا دینے کا مطالبہ

اقوام متحدہ کے علاوہ کئی ممالک کے وزرائے خارجہ کی طرف سے اسموٹریچ کے بیان کی شدید مذمت
شائع 10 اگست 2024 06:59pm

اسرائیلی وزیرِخزانہ بیزائل اسموٹریچ کے اس بیان کی دنیا بھر میں شدید مذمت کی جارہی ہے جس میں اس نے کہا تھا کہ غزہ کے شہریوں کو بھوکا مارنا کسی بھی اعتبار سے کوئی غیر اخلاقی عمل نہیں۔

اسرائیلی وزیرِخزانہ کی طرف سے فلسطینیوں کو بھوکا مارنے کے بیان کی اقوام متحدہ اور عالمی رہنماؤں نے شدید مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ٹرک کا کہنا ہے کہ جنگی مقاصد کے لیے شہریوں کو بھوک سے مارنا جرم ہے۔

ان کا کہنا تھا ہم معصوم شہریوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات کی مذمت کرتے ہیں۔ ایسے بیانات پر قانون کے مطابق سزادی جانی چاہیے۔

فلسطینی وزارتِ خارجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیرِخزانہ کے وارنٹ جاری کیے جائیں۔ آسٹریلوی وزیرِخارجہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو جان بوجھ کر بھوکا رکھنا جنگی جرم ہے۔ فرانسیسی وزیرِخارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیرِخزانہ کا بیان کسی بھی سطح پر قابلِ قبول نہیں۔

یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے جوزف بورل نے بھی اسرائیلی وزیرِخزانہ کے بیان کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر کا بیان انسانیت کے بنیادی اصولوں کی توہین ہے۔