Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

ارشد ندیم کو انعامی رقم پر ٹیکس کی خبریں، ایف بی آر کا ردعمل آگیا

ارشد ندیم کیلئے پاکستان بھر سے 20 کروڑ روپے سے زائد انعام کا اعلان کیا گیا ہے
اپ ڈیٹ 10 اگست 2024 09:46pm

پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کے لیے تقریباً 40 سال بعد گولڈ میڈل جیتنے والے جیولین اسٹار ارشد ندیم کے استقبال کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، لیکن دوسری جانب فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ان کے انعامات پر اپنا ہاتھ صاف کرنے کیلئے کمر کس لی ہے۔

یعنی ارشد ندیم کو بغیر کسی حکومتی تعاون کے اولمپکس میں جیتی گئی اور اعلان کردہ انعامی رقم پر ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔

ورلڈ ایتھلیٹس فیڈریشن کی جانب سے ارشد ندیم کو ایک کروڑ 40 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا ہے۔ پاکستان بھر سے ان کے لیے 20 کروڑ سے زائد کی انعامی رقم، اپارٹمنٹس اور کاروں کے تحائف کا اعلان کیا گیا ہے۔

ارشد ندیم کرکٹ کی راہداریوں سے گزر کر جیولین تک کیسے پہنچے؟

تاہم، نجی ویب سائٹ ”دی کرنٹ“ کے مطابق ان انعامات پر ارشد ندیم سے ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ کیونکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق کھلاڑیوں کو انعامی رقم یا لاٹری جیتنے پر ٹیکس ادا کرنا ہوتا ہے۔

اس میں فائلرز اور نان فائلرز کے لیے ٹیکس کی شرح مختلف ہے۔ فائلر کو کُل رقم کا 15 فیصد جبکہ نان فائلر کو 30 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

اگر ان کیلئے اعلان کردہ انعامی رقم کو دیکھا جائے تو ارشد ندیم اگر فائلر ہیں تو انہیں انعامی رقم پر تقریباً تین کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے جب کہ اگر وہ فائلر نہیں ہیں تو انہیں تقریباً چھ کروڑ ادا کرنے ہوں گے۔

پاکستان نے 76 سالوں میں اولمپک گیمز میں کتنے میڈلز حاصل کیے؟

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قومی ہیرو کے لیے 10 کروڑ روپے، سندھ حکومت نے 5 کروڑ، ورلڈ ایتھلیٹس فیڈریشن نے ایک کروڑ 40 لاکھ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، کرکٹر احمد شہزاد اور ایک گلوکار نے مجموعی طور پر 30 لاکھ جبکہ سلمان اقبال نے 30 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

اے آر وائی نے اولمپیئن ارشد ندیم کی تاریخی فتح پر اے آر وائی لگونا میں اپارٹمنٹ کا اعلان بھی کیا ہے۔

ارشد ندیم پر انعامات کی برسات ہوئی تو ترجمان ایف بی آر نے کہا کہ ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم پر کوئی ٹیکس نہیں لگے گا، ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اولمپک کھیلوں میں حاصل انعامات پر ٹیکس نہیں لگتا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کی سیکشن 156 کے تحت پرائز بانڈ، لاٹری پرائز پر ٹیکس ہے، کوئز مقابلوں کے انعام اور کمپنیوں کی سیل پروموشنز پر ٹیکس ہے، انکم ٹیکس قوانین میں اولمپک کھیلوں کے انعامات پر ٹیکس کا ذکر نہیں ہے۔

arshad nadeem

Arshad Nadeem Gold

Rewards for Arshad Nadeem

Tax on Award Money