Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سول اسپتال کراچی کے شعبہ امراضِ چشم کی مشینیں خراب، دیسی جگاڑ سے دوائیں اور چشمے دئے جانے لگے

جدید مشینوں سے نظر چیک کرکے ہی چشمے یا ادویات دی جا سکتی ہیں، ماہرین
شائع 10 اگست 2024 03:42pm

سول اسپتال کراچی کے شعبہ امراضِ چشم کی مشینیں کافی عرصہ سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ مریضوں کی نظر چیک کرنے کیلئے مینیوئل طریقہ کار استعمال کیا جارہا ہے، بغیر کسی مشینری کے ایسے ہی چشمے اور ادویات لکھی جا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق سول اسپتال کراچی کے شعبہ امراض چشم کی ٹیسٹنگ مشینیں کافی عرصہ سے خراب ہیں اور مینیوئل طریقے سے نظر چیک کرکے ادویات اور چشمے لکھے جا رہے ہیں۔

مشینیں خراب ہونے کی وجہ سے مریضوں کو بغیر مشین کے ہی چیک کیا جا رہا ہے، ایک کرسی پر مریض کو بٹھا کر ایک آنکھ پر ہاتھ رکھ کر الفاظ دکھائے جا رہے ہیں، ایک لکڑی کے بورڈ پر لکھے حروف دکھا کر پڑھنے اور نشاندہی کرنے کا کہا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق آنکھ بند کرکے کھولنے کے بعد فوری طور پر دوسری طرف بھی ہاتھ سے آنکھ بند کرنے کا کہا جاتا ہے، ایسی صورتحال میں مریضوں کو جلد ہی کچھ صاف نظر نہیں آئے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ بغیر کسی مشینری کے ایسے ہی چشمے اور ادویات لکھی جارہی ہیں، اس طرح سے مریض متاثر بھی ہو سکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آنکھیں انسان کا حساس ترین حصہ ہیں، جدید مشینوں سے نظر چیک کرکے ہی چشمے یا ادویات دی جا سکتی ہیں۔

Civil Hospital Karachi

Eye Department