Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مذاکرات کامیاب ہونے پر بلوچ یکجہتی کمیٹی نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا

بلوچ راجی مچی کا کارروان گوادر سے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا کوئٹہ پہنچے گا
اپ ڈیٹ 09 اگست 2024 04:42pm

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے گوادر سمیت بلوچستان بھر میں مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ دوسری طرف بلوچ راجی مچی کے شہداء کے لیے مختلف شہروں میں دیوان کے انعقاد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ بلوچ راجی مچی کا کارروان گوادر سے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا کوئٹہ پہنچے گا۔

اس حوالے سے بلوچ یکجہتی کمیٹی کا اعلامیے میں کہنا ہے کہ حکومتی وفد نے تمام مطالبات منظور کر لیے ہیں اس لیے دھرنا ختم کر رہے ہیں۔

اعلامیے میں بلوچ یکجہتی کمیٹی نے کہا ہے کہ کسی ایک مطالبے پر بھی عمل نہ ہوا تو جدوجہد جاری رکھیں گے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مطابق تربت کے جلسے میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

گوادر : بلوچ یکجہتی کمیٹی اور انتظامیہ کے مذاکرات کامیاب ’دھرنا ختم کیا جائےگا‘

دوسری جانب گوادر کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مطالبات پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان بھر سے گرفتار کارکنوں کی رہائی عمل میں لائی گئی ہے۔

گوادر کی ضلعی انتظامیہ نے یہ بھی کہا ہے کہ بلوچ یکجہتی تحریک کے کارکنوں کے خلاف ایف آئی آرختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

بلوچ راجی مچی کے شہداء کے لیے دیوان کے انعقاد کا اعلان، کارروان مختلف راستوں سے گزرے گا

خیال رہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی نے گوادر سمیت بلوچستان بھر میں مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان تو کیا ہے تاہم ساتھ ہی بلوچ راجی مچی کے شہداء کے لیے دیوان کے انعقاد کا اعلان بھی کیا ہے۔

بلوچ راجی مچی کا کاروان گوادر سے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا کوئٹہ پہنچے گا۔ کارروان مختلف علاقوں میں قیام کرے گا اور وہاں شہدائے راجی مچی کے لیے دیوان منعقد کرے گا۔

‏‎## درج ذیل علاقوں میں شہدائے راجی مچی کے لیے دیوان کا انعقاد کیا جائے گا۔

تربت : آج شام چار بجے بلوچ راجی مچی کے شہداء کے لیے شہید فدا چوک میں دیوان ہوگا۔ ‏‎ ‏‎10 اگست کو کارروان صبح سویرے تربت سے گریشہ کے لیے روانہ ہوگا۔ گریشہ میں شام کو شہدائے راجی مچی کی یاد میں دیوان ہوگا۔

‏‎10 اگست کی رات کو کاروان گریشہ سے سوراب جائے گا۔ سوراب میں شہدائے بلوچ راجی مچی کی یاد میں دیوان منعقد کیا جائے گا۔

‏‎11 اگست کو کارروان سوراب سے نوشکی کے لیے روانہ ہوگا۔ نوشکی میں شہدائے بلوچ راجی مچی کے لیے دیوان منعقد کیا جائے گا۔

‏‎12 اگست کو بلوچ راجی مچی کا کارروان نوشکی سے شال کے لیے روانہ ہوگا۔ شال میں شہدائے راجی مچی کے لیے دیوان ہوگا۔

واضح رہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی نے مطالبات کے حق میں گوادر سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دھرنے دے رکھے تھے۔

دھرنوں کے باعث مختلف شہروں میں داخلی اور خارجی راستے اور مکران کوسٹل ہائی وے ایم 8 سمیت تمام شاہراہیں بند تھیں جس کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

بلوچستان

Gwadar

Balochistan Protest

Baloch Solidarity Committee