Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

وفاق اور صوبوں کو مل کر زرعی شعبے کی ترقی پر توجہ دینی ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبوں کو مل کر زرعی شعبے کی ترقی پر توجہ دینی ہے، پاکستان میں زرعی برآمدات میں اضافے کے وسیع مواقع ہیں، ہمیں زرعی مصنوعات کی ویلیوایڈیشن پرتوجہ دینا ہوگی، جدید ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی کے ذریعے برآمدات میں اضافہ ممکن ہے، کسانوں کو قرض کی فراہمی سے پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

کراچی میں دوسری بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ارشد ندیم کی اولمپکس میں کامیابی پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، ہم سب کو ارشد ندیم پر فخر ہے، ارشد ندیم کی کامیابی پر ہم اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے اولمپکس میں طلائی تمغہ حاصل کیا ہے، پاکستان کو یہ کامیابی 40 سال بعد ملی، اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، وقت آگیا ہے کہ اب کرکٹ اور ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کو فروغ دیا جائے۔

شہبازشریف نے زرعی برآمدات میں اضافے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ زرعی برآمدات کے اضافے پر کسانوں، کاشت کاروں اور برآمدکنندگان کو مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان میں زرعی برآمدت میں اضافے کے وسیع مواقع ہیں، وفاق اور صوبوں کو مل کر زرعی شعبے کی ترقی پر توجہ دینی ہے، جدید ٹیکنالوجی، تحقیقات وترقی کے ذریعے برآمدات میں اضافہ ممکن ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دورہ چین میں جدید زرعی مرکز کا بھی دورہ کیا، ہمیں زرعی مصنوعات کی ویلیوایڈیشن پر توجہ دینا ہوگی، ملک میں زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، 3 ارب ڈالر تک کی زرعی اجناس ایکسپورٹ کررہے ہیں، دیہی علاقوں میں کسانوں کو قرضے فراہم کرنے سے بھی پیداوار بڑھے گی۔

وزیر تجارت جام کمال

اس موقع پر وزیرتجارت جام کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 100 سے زائد ملکوں کو اپنی زرعی مصنوعات برآمد کررہا ہے، پاکستان 10 ارب ٹن چاول برآمد کررہا ہے، جدید طریقہ زراعت کےذریعے پیداوار میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

اس سے قبل وزیراعظم ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے، شہباز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے پی اے بیس فیصل کراچی پہنچے تو گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم کراچی میں دوسری بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے جبکہ شہباز شریف تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔

شہباز شریف کراچی میں کاروباری حضرات اور ایکسپورٹرز کے ساتھ اہم اجلاس کی صدارت کریں گے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کے دورے کے دوران کراچی پورٹ پر معاملات میں بہتری کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

وزیرِاعظم کراچی پورٹ کا دورہ کریں گے، آپریشنز کا جائزہ بھی لیں گے جبکہ انہیں کے پی ٹی، پورٹ قاسم اتھارٹی اور پی این ایس سی سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔

شہباز شریف کو ملکی آمدنی میں اضافے اور کاروباری برادری کو سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف برآمدی اور درآمدی شعبے کی اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ لیں گے اور اس حوالے سے اہم فیصلے لیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف شام 5 بجے کراچی سے واپس اسلام آباد روانہ ہوں گے۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

shehbaz sharif visit karachi

PM SHAHBAZ SHARIF

visit karachi