بنگلہ دیش میں عبوری حکومت کی تشکیل کے بعد حالات اب بہتری کی طرف جائیں گے، پاکستانی سفیر
بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید احمد معروف کا کہنا ہے کہ عبوری حکومت کی تشکیل کے بعد حالات اب بہتری کی طرف جائیں گے۔
آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے احمد معروف نے کہا کہ بنگلہ دیش میں گزشتہ دو دنوں سے حالات بہتری کی طرف رواں دواں ہیں اور ملک میں کافی تیزی سے پرامن صورت حال بنتی جا رہی ہے، حکومت بننے کے بعد گورننس کا ایک اسٹرکچر آجائے گا تو چیزیں مزید بہتری کی طرف جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری اہم تشویش پاکستانی طلباء کے حوالے سے تھی اور اللہ کا شکر ہے کہ وہ خیریت سے ہیں، ابھی بھی تقریباً 55 بچے ہمارے پاس ہائی کمیشن میں موجود ہیں، اس میں سے زیادہ تر ڈھاکہ والے ہیں، ہم انہیں اس لیے ریلیز نہیں کر رہے کہ ڈبل شور کرنا چاہتے ہیں کہ حالات خدانخواستہ کہیں دوسری طرف نہ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت بنگلہ دیشی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، امید کرتے ہیں ہمارے تعلقات بہتر سے بہتر ہوتے جائیں گے۔
Comments are closed on this story.