Aaj News

بدھ, جنوری 15, 2025  
14 Rajab 1446  

اولمپکس 2024:پاکستان نے 40 سال بعد گولڈ میڈل حاصل کرلیا، ارشد ندیم نے جیولین تھرو میں ریکارڈ بنا ڈالا

ارشد ندیم نے دوسری باری میں 92.97 میٹر تھرو کی جو اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی تھرو ہے
اپ ڈیٹ 09 اگست 2024 12:50am

پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان نے 40 سال بعد گولڈ میڈل حاصل کرلیا ہے، ارشد ندیم نے اولمپکس میں جیولن تھرو کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا ہے۔

جیولین تھرو کا یہ فائنل پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 25 منٹ پر شروع ہوا۔

ورلڈ اتھلیٹکس کی طرف سے جاری فائنل کے تھرو چارٹ کے مطابق پاکستان کے ارشد ندیم نے چوتھے نمبر پر تھرو کیا۔

ارشد ندیم کا پہلا تھرو فاؤل قرار دیا گیا، لیکن دوسری باری میں انہوں نے 92.97 میٹر کی اولمپکس کی سب سے بڑی تھرو کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

دفاعی چیمپئن بھارت کے نیرج چوپڑا نے 8ویں نمبر پر تھرو کیا، ان کا بھی پہلا تھرو ناکام رہا۔

جیولین تھرو کے فائنل مقابلوں کا آغاز ہوا تو ٹرینیڈیڈ اینڈ ٹوباگو کے والکوٹ نے پہلی باری میں 86.16 میٹر کی تھرو کی جبکہ گرینیڈا کے پیٹرز اینڈرسن نے پہلی باری میں نیزہ 84.70 میٹر دور پھینکا۔

کینیا کے ییگو جولیئس نے پہلی باری میں 80.20 کی تھرو کی جبکہ جمہوریہ چیک نے بھی 80 میٹر کا ہندسہ عبور کررتے ہوئے 80.15 میٹر کی تھرو پھینکی۔

کینیا کے ییگو جولیئس نے پہلی باری میں نیزے کو 80.20 جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب نے پہلی باری میں 80.15 میٹر دور پھینکا۔

جرمنی کے جولین ویمبر بھی پہلی باری میں صحیح تھرو نہ کرسکے۔

فن لینڈ کے لیسی نے پہلی باری میں 81.78 میٹر کی تھرو کی جبکہ ان کے ہم وطن اولیور نے پہلی باری میں 81.24 میٹر کی تھرو کی۔

فائنل مقابلے کا دوسرا راؤنڈ شروع ہوا تو جمہوریہ چیک کے جیکب نے دوسری باری میں 84.70 میٹر کی تھرو کی۔

گرینیڈا کے پیٹرز اینڈرسن نے دوسری باری میں 87.87 میٹر تھرو کی جبکہ پاکستان کے ارشد ندیم نے دوسری باری میں 92.97 میٹر تھرو کی جو اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی تھرو ہے۔

بھارت کے نیرج چوپڑا نے دوسری باری میں 89.45 میٹر کی تھرو کی جبکہ جرمنی کے جولین ویبر نے 87.33 میٹر دور نیزہ پھینکا۔

ٹرینیڈاڈ کے والکوٹ کیشورن دوسری باری میں درست تھرو نہ کر سکے جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیج نے 84.52 میٹر کی تھرو کی۔

فن لینڈ کے لیسی ایٹالاٹو نے دوسری تھرو 77.60 میٹر کی تھرو کی جبکہ ان کے ہم وطن اولیور ہیلینڈر نے دوسری تھرو 85.68 میٹر دور پھینکی۔

تیسرا راؤنڈ

تیسرے راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے 88.72 میٹرز کی تھرو کی جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیج نے 88.50 میٹر دور نیزہ پھینکا۔

ٹرینیڈاڈ کے کیشورن والکٹ 82.89 میٹر جبکہ فن لینڈ کے لیسی ایٹالاٹو نے 84.58 میٹر تھرو کی۔

تیسرے راؤنڈ میں بھارت کے نیرج چوپڑا، جرمنی کے جولین ویبر، گرینیڈا کے پیٹرز اینڈرسن، کینیا کے جولیئس ییگو اور فن لینڈ کے اولیور ہیلنڈر کی تھرو کو فاؤل قرار دیا گیا۔

تیسرے راؤنڈ کے بعد سب سے کمتر تھرو کرنے والے چار ایتھلیٹ ایونٹ سے باہر ہو گئے جس کے بعد سپر ایٹ کے درمیان مقابلہ شروع ہوا جس میں ارشد ندیم سرفہرست تھے۔

چوتھا راؤنڈ

چوتھے راؤنڈ کا آغاز ہوا تو فن لینڈ کے لیسی ایٹالاٹو نے 82.02 میٹر اور ٹرینیڈاڈ کے کیشورن والکٹ 78.96 میٹر کی تھرو کی۔

اسی طرح گرینیڈا کے پیٹرز اینڈرسن نے 88.54 جبکہ کینیا کے جولیئس ییگو نے 84.90 میٹرز کی تھرو کی اور جرمنی کے جولیئن ویبر نے 86.85میٹر کی تھرو کی۔

پاکستان کے ارشد ندیم نے چوتھی تھرو میں نیزہ 79.40 میٹرز دور پھینکا جبکہ نیرج چوپڑا اور جیکب ویڈلچ کی چوتھی تھرو کو فاؤل قرار دیا گیا۔

پانچواں راؤنڈ

پانچویں راؤنڈ کا آغاز ہوا تو گرینیڈا کے پیٹرز اینڈرسن نے 87.38 جبکہ کینیا کے جولیئس ییگو نے 83.20 میٹرز کی تھرو کی۔

فن لینڈ کے لیسی ایٹالاٹو کی تھرو کو فاؤل قرار دیا گیا اور ٹرینیڈاڈ کے کیشورن والکٹ 76.86 میٹر کی تھرو کی۔

جرمنی کے جولیئن ویبر نے 87.40 میٹر، جمہوریہ چیک کے جیکب ویلڈچ نے 84.98 میٹر کی تھرو کی جبکہ نیرج چوپڑا نے پانچویں تھرو میں بھی فاؤل کیا۔

پاکستان کے ارشد ندیم نے پانچویں تھرو میں نیزہ 84.87 میٹر دور پھینکا۔

چھٹا راؤنڈ

فائنل کے چھٹے اور آخری راؤنڈ میں جرمنی کے جولیئن ویبر نے 84.09 میٹر، فن لینڈ کے لیسی ایٹالاٹو نے 81.69 جبکہ کینیا کے جولیئس ییگو نے 81.58 میٹرز کی تھرو کی۔

جمہوریہ چیک کے جیکب ویلڈچ نے 83.27 میٹرز کی تھرو جبکہ ٹرینیڈاڈ کے کیشورن والکٹ مقابلے سے دستبردار ہو گئے۔

گرینیڈا کے پیٹرز اینڈرسن 81.83 میٹرز کی تھرو کی جبکہ نیرج چوپڑا نے چھٹی تھرو میں بھی فاؤل کردیا۔

پاکستان کے ارشد ندیم نے مقابلے میں دوسری بہترین تھرو کرتے ہوئے نیزہ 91.79 میٹرز دور پھینک کر اولمپک کی دوسری بہترین تھرو کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔

اس کے ساتھ ہی ارشد ندیم نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت لیا جو پاکستان کا اولمپکس میں 40 سال کے طویل عرصے کے بعد پہلا گولڈ میڈل ہے۔

فائنل مقابلے میں صرف ایک تھرو درست پھینکنے والے نیرج چوپڑا 89 میٹرز سے زائد تھرو پھینکنے پر چاندی کے تمغے کے حق دار قرار پائے۔

arshad nadeem

javelin throw

olympics 2024

Arshad Nadeem Gold