Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

نو مئی جلاؤ گھیراؤ: پی ٹی آئی کے ڈیجیٹل ثبوت منظر عام پر لانے کے مطالبے پر تفصیلات سامنے آ گئیں

پنجاب پولیس نے ثبوتوں کی تفصیالت جاری کردیں
شائع 08 اگست 2024 04:16pm

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور پارٹی قائدین کے نو مئی کو ہوئے جلاؤ گھیراؤ کے ڈیجیٹل ثبوت منظر عام پر لانے کے مطالبے پر تفصیلات سامنے آگئی ہیں، نو مئی کے بعد سات دن کے اندر اکیاسی ویڈیوز بطور ڈیجیٹل ثبوت سامنے آئیں اور 400 سے زائد ڈیجیٹل شواہد عدالتوں میں جمع کروائے گئے۔

گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی نے مشروط معافی اور کلوز سرکٹ فوٹیجز سامنے لانے کا بیان دیا تھا۔

جس پر پنجاب پولیس ذرائع نے کہا کہ 9 مئی کے بعد 7 دن کے اندر 81 ویڈیوز بطور ڈیجیٹل ثبوت سامنے آئیں، کلوز سرکٹ کیمروں سے 2046 تصاویر تفتیش کا حصہ بنیں اور انہیکیمروں نے 542 مشتعل مظاہرین کے چہرے شناخت کئے۔

ذرائع نے بتایا کہ کیمروں سے 305 نمبر پلیٹس کا ریکارڈ بھی حاصل کیا گیا، لبرٹی چوک سے لے کر کنٹونمنٹ داخلے تک ڈیجیٹل ثبوت اکٹھے کئے گئے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی تصاویر، وقت اور لوکیشنز کے ساتھ موجود ہیں، تین بج کر پانچ منٹ سے پانچ بج کر پندرہ منٹ کا ڈیجیٹل ریکارڈ تفتیش کا حصہ ہے۔

ذرائع نے کہا کہ نو مئی کو 3 کروڑ 4 لاکھ 60 ہزار مالیت کے کیمرے اور سائٹس تباہ کی گئیں، 24 لاکھ مالیت کا نقصان کینال روڈ اور زمان پارک کے قریب کیا گیا، 55 لاکھ روپے مالیت کے کیمرے صرف گرجا چوک کے قریب تباہ کیے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا، پیمرا، ٹی وی چینلز، موبائل کالز اور واٹس ایپ میسجز اکٹھے کئے گئے ہیں، نجی کیمروں سمیت 400 سے زائد شواہد عدالتوں میں جمع کروائے گئے ہیں، شرانگیزی، اور تشدد کے ڈیجیٹل شواہد تمام چالانوں کا حصہ ہیں، چالان کے ساتھ شواہد یو ایس بی میں عدالتوں کو فراہم کیے گئے ہیں۔

imran khan

Punjab police

9 may incident