’ماں! کُشتی جیت گئی، میں ہار گئی‘ دل برداشتہ بھارتی ریسلر کا ریٹائرمنٹ کا اعلان
پیرس اولمپکس میں خواتین کے 50 کلوگرام فائنل مقابلے میں اوور ویٹ ہونے کی وجہ سے نااہل قرار دیے جانے پر بھارت کی ریسلر ونیش پھوگاٹ نے دلبرداشتہ ہو کر ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق عالمی کانسی کا تمغہ جیتنے والی 29 سالہ ونیش پھوگاٹ گزشتہ سال بھارتی ریسلنگ کے سربراہ کے خلاف ہراسگی کے اسکینڈل کی وجہ سے جاری طویل احتجاج میں شمولیت کی وجہ سے منظر عام پر آئیں تھی۔
دولت مشترکہ کے کھیلوں میں تین گولڈ میڈل جیتنے والی ونیش پھوگاٹ کو پیرس اولمپکس میں گزشتہ روز فائنل میں امریکا کی سارہ ہلڈیبرانڈ سے مقابلہ کرنا تھا، تاہم،ان کا وزن 50 کلوگرام کی حد سے 100 گرام زیادہ پایا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام شیئر کرتے ہوئے بھارتی ریسلر نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا کہ ماں! کُشتی جیت گئی، میں ہار گئی، میرے خواب اور میری ہمت ٹوٹ گئی، مجھ میں اب اور طاقت نہیں ہے۔
ونیش پھوگاٹ کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا والی سارہ ہلڈیبرانڈٹ نے فائنل مقابلے میں کیوباکی یوزنیلیس گزمین لوپیز کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ونیش پھوگاٹ نے اپنی نااہلی کے خلاف ثالثی عدالت (سی اے ایس) میں اپیل کی ہے اور مشترکہ طور پر چاندی کے تمغے سے نوازنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مزید آزاں جمعرات کے روز ثالثی عدالت کی جانب سے پیرس میں اس فیصلے کا اعلان متوقع ہے۔
Comments are closed on this story.