Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

1971 دوسری بار الٹ دیا گیا، شیخ مجیب خاندان کی بس ہوگئی، حسینہ واجد کا بیٹا چیخ اٹھا

بنگلہ دیش پاکستان بن چکا ہے، بھارتی میزبان ارنب گوسوامی
اپ ڈیٹ 08 اگست 2024 11:33am
تصویر بشکریہ گوگل
تصویر بشکریہ گوگل

بنگلادیش کی سابقہ وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے بھارت فرار ہونے، سیاست چھوڑنے اور وہاں کی حالیہ صورتحال کا الزام پاکستان پر لگا دیا گیا۔

شیخ حسینہ واجد کے بیٹے سجیب واجد نے اپنی حکومت کی نااہلی اور عوام پر تشدد چھپانے کیلئے پاکستان پر الزام تراشیاں شروع کردیں۔

حسینہ واجد کے بیٹے سجیب واجد نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی پارٹی بی جے پی کے ایجنڈے پر کام کرنے والے ارنب گوسوامی کو انٹرویو دیا۔

بھارتی اینکر ارنب گوسوامی اپنے پروگرام میں سوالات کرنے سے زیادہ نفتر انگیز تجزیے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ اس سے قبل بھی وہ اپنے پروگرامز میں پاکستان مخالف بیانات دیتے نظر آچکے ہیں، وہیں اب انہوں نے سجیب واجد کے بیٹے کا بھی انٹرویو کیا جس میں وہ پاکستان کے خلاف زہر اگلتے نظر آئے۔

لندن میں مقیم سجیب واجد نے بھارتی نیوز چینل کے پاکستان مخالف میزبان اور انتہائی جانبدار سمجھے جانے والے اینکر ارنب گوسوامی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جس کے ہاتھ میں کنٹرول آگیا ہے اس نے عوامی لیگ کو ہدف بنا لیا۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے اراکین کو بھی قتل کیا، اور کچھ کو گرفتار کیا۔

حسینہ واجد کے بیٹے نے بتایا کہ مشتعل ہجوم نے پارلیمنٹ کے ارکان کے گھروں کو بھی جلا دیا، بنگلادیش کے بانی کے گھر کو بھی نذر آتش کیا۔

ارنب گوسوامی کے پاکستان سے متعلق سوال پر سجیب واجد کا کہنا تھا کہ مجھے کوئی شک نہیں کہ اس واقعے میں پاکستانی خفیہ ایجنسی اور بیرونی طاقت کا ہاتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری والدہ ملک چھوڑنا نہیں چاہتی تھیں مگر بدترین صورتحال کے باعث اور فیملی کی ضد پر انہوں نے بنگلادیش چھوڑا کیونکہ ان کی جان کو خطرہ تھا۔

ارنب گوسوامی نے سجیب واجد سے سوال کیا کہ میں اپنے پروگرام میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ جماعت اسلامی آئی ایس آئی کی ایجنٹ ہے تو کیا یہ 1971 کا دوبارہ الٹ کیا گیا ہے؟ جس پر شیخ حسینہ کے بیٹے نے کہا کہ 1971 نامکمل تھا اور میری والدہ جب اقتدار میں آئیں تو انہوں نے ملک کو فکس کیا اور ایسا بنگلادیش میں تیسری بار ہو رہا ہے۔

متنازعہ صحافی ارنب گوسوامی نے طنزیہ انداز میں سجیب واجد سے ایک اور سوال کیا کہ آپ کیا محسوس کرتے ہیں کہ امریکا جنرلز کو سپورٹ کر رہا ہے ساتھ میں انہوں نے “ جنرلز کو ویلڈن“ بھی کہا۔ جس پر سجیب نے کہا کہ امریکا دنیا بھر میں یہی کرتا آیا ہے اور ان کی پالیسی ہمیشہ فیل ہوتی ہے۔

ان کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ امریکا نے بنگلادیش کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا اور اب بنگلادیش دوسرا پاکستان بننے جا رہا ہے۔

سجیب واجد سے گفتگو کے اختتام کے بعد بھارتی اینکر ارنب گوسوامی نے متنازعہ تجزیہ دیتے ہوئے آن اسکرین کہا کہ بنگلادیش دوسرا پاکستان بننے نہیں جا رہا بلکہ وہ دوسرا پاکستان بن چکا ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق مطابق سجیب واجد پر 2016 میں 300 ملین ڈالر کی کرپشن کا الزام لگا۔ سجیب نے امریکا میں بنگالی کاروباری شخصیات سے کنسلٹنسی کے نام پر پیسے لئے تھے۔ سجیب واجد حکومتی پراپیگنڈا کی ڈیجیٹل ٹیم کے سربراہ تھے۔

واضح رہے بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے بیٹے اور سیاسی مشیر سجیب واجد جوئے نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ نے سیاست سے ہمیشہ کے لیے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔

sajeeb wajid

SHEKH HASEENA WAJID