Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان جیل سے نکلنے کے بعد تعصب کی سیاست نہیں کریں گے، محمود اچکزئی کا صوابی جلسے سے خطاب

پنجاب والوں احتجاج کےلئے تیار ہوجاؤ، صوبے بھر میں مظاہروں کی قیادت کروں گا، حماد اظہر
اپ ڈیٹ 05 اگست 2024 11:29pm

اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل سے نکلنے کے بعد تعصب کی سیاست نہیں کریں گے۔ جب کہ تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا کہ پنجاب والوں احتجاج کےلئے تیار ہوجاؤ، صوبے بھر میں مظاہروں کی قیادت کروں گا۔ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ فائدہ اٹھانے والے پی ٹی آئی کو اسٹیبلشمنٹ سے لڑانا چاہتے ہیں۔

صوابی میں تحریک تحفظ پاکستان کے جلسے سے خطاب میں محمود اچکزئی نے کہا کہ عمران خان کی یہ بات درست ہے کہ ہمیں حقیقی آزادی چاہیے، پاکستان ہمارا ملک ہے، پختون، بلوچ ، سرائیکی اس قوم کا حصہ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی خوش قسمت ہیں کہ تمام صوبوں کے عوام ان پر اعتماد کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو پیغام دینا ہے کہ پختونخوا کے عوام آپ کے ساتھ ہیں۔

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے 58 اراکین کو پی ٹی آئی میں شامل کرلیا

ان کا کہنا تھا کہ ’بانی پی ٹی آئی میرا یار ہے، جیل سے نکلے گا تو تعصب کی سیاست نہیں کرے گا۔ پاکستان ہمارا ملک ہے اور اور تا قیامت آباد رہے گا۔‘

ڈی چوک میں دما دم مست قلندر ہوگا، علی امین گنڈا پور

صوابی جلسے سے خطاب میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ’حکمرانوں سے کہتا ہوں جلسے کے لیے ایف 9 پارک دو، جلسے کےلیے سرنگر ہائی وے دو، اگر اجازت نہیں دی تو ڈی چوک میں جلسہ ہوگا، اور ڈی چوک میں دما دم مست قلندر ہوگا‘، موجودہ نکمی حکومت نے عوام پر بجلی کے بم گرائے۔

انھوں نے کہا کہ ’بانی پی ٹی آئی قوم کی وجہ سے جیل میں ہیں، عمران خان تم نہیں ہو لیکن تمھارے لوگ کھڑے ہیں، ہم نے خوف کے بت توڑ دیے ہیں، کسی کا باپ بھی ہمارا راستہ نہیں روک سکتا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’بانی پی ٹی آئی کے دور حکومت میں دہشت گردی ختم ہوئی تھی، امریکا کے کہنے پر تم لوگوں نے اڈے دیے، جب حملہ ہوتا ہے تو آپ کہتے ہیں کہ یہ افغانستان سے ہوتا ہے، تم نے افغانستان میں ان کے بچوں کو قتل کیا۔‘

پنجاب والوں احتجاج کےلئے تیار ہوجاؤ، حماد اظہر

جلسے سے خطاب میں تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا کہ پنجاب والوں احتجاج کےلئے تیار ہوجاؤ، صوبے بھر میں مظاہروں کی قیادت کروں گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’پنجاب کے پارٹی رہنما بے گناہ جیلیں کاٹ رہے ہیں، تکالیف برداشت کرنے والے رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، پنجاب اور خیبرپختونخوا والوں کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے اوپر 53 ایف آئی آرز ہیں، اگر میں گرفتار ہو گیا تو اپنے لیڈر کےلئے برداشت کروں گا۔

فائدہ اٹھانے والے پی ٹی آئی کو اسٹیلشمنٹ سے لڑانا چاہتے ہیں، بیرسٹر گوہر

پی ٹی آئی چیئرمین بیرسیٹر گوہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بانی چیئرمین کا جیل میں ایک سال ہو گیا، آج ان کے ساتھ اظہار یکجہتی پیش کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی 200 کیسز بھگت چکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہے، ہم لڑائی نہیں چاہتے ، ہم جنگ نہیں چاہتے، ملک میں دو قانون نہیں چل سکتے، یہی رویہ رہا تو قوم تصادم کی طرف جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ فائدہ اٹھانے والے پی ٹی آئی کو اسٹیبلشمنٹ سے لڑانا چاہتے ہیں، آرٹیکل 6 لگانا ہے تو چوروں پر لگاؤ، بانی پی ٹی آئی جلد جیل سے باہر آجائیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر دباؤ ڈالنے کےلیے بشریٰ بی بی پر کیسز بنائے گئے، بانی پی ٹی آئی جلد آپ لوگوں کے ساتھ ہوں گے۔

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Mehmood Khan Achakzai