Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وفاقی وزراء کے پی حکومت پر تنقید چھوڑ کر آئی پی پی پیز کے مہنگے معاہدوں پر قوم کو جواب دیں، بیرسٹر سیف

پنجاب میں بارشوں نے تباہی مچا دی ہے اور بڑے میاں خاندان سمیت مری میں گھوم رہے ہیں، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا
شائع 04 اگست 2024 06:29pm
فوٹو۔۔فائل
فوٹو۔۔فائل

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ درباری وفاقی وزراء و مشیر کے پی حکومت پر تنقید کے ذریعے وفاق کی بدترین کارکردگی چھپانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، ہم پر تنقید چھوڑ کر آئی پی پی پیز کے مہنگے معاہدوں پر قوم کو جواب دیں۔

ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ درباری وزراء روزانہ خیبر پختون خوا حکومت پر بے جا تنقید کرکے وفاق کی اصلیت چھپانے کی کوشش کررہے ہیں۔ کے پی حکومت پر تنقید ایسے ہی ہے کہ ’چھلنی لوٹے سے کہے آپ میں دو سراخ ہیں‘ اور وفاقی درباری وزراء خیبر پختون خوا حکومت پر تنقید کی بجائے آئی پی پی پیز کے مہنگے معاہدوں پر قوم کو جواب دیں۔

انھوں نے کہا کہ جعلی حکومت آئی پی پی پیز کے مہنگے معاہدوں کے ذریعے عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہی ہے، لوڈشیڈنگ اور بجلی بلوں نے عوام کا جینا محال کیا ہے، درباری وزراء کی خدمت میں عرض ہے کہ دہشت گردی کراس بارڈر مسئلہ ہے بارڈر کا انتظام و انصرام وفاق کی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بارشوں نے تباہی مچا دی ہے اور بڑے میاں خاندان سمیت مری میں گھوم رہے ہیں، وفاقی وزراء کو عوام کی فکر ہے تو صحت جیسا منصوبہ شروع کرنے کی ہمت کریں۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 11 سال بہترین کارکردگی کی وجہ سے خیبر پختونخوا سے تمام پارٹیوں کا صفایا کردیا ہے۔