Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد ایرانی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار سے رابطہ، او آئی سی اجلاس میں شرکت کی دعوت

پاکستان اس اہم اجلاس میں فعال طور پر حصہ لے گا، اسحاق ڈار
اپ ڈیٹ 03 اگست 2024 08:26pm

ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی قائم مقام وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک بات چیت ہوئی ہے، جس میں ایرانی وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔

ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کانی نے سینیٹر اسحاق ڈار کو فون کیا۔ قائم مقام وزیر خارجہ نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ایران کی قوم اور قیادت کے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

ڈپٹی وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام بھی ان جذبات میں شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں ہونے والی پیش رفت اور اسماعیل ہنیہ شہید کے وحشیانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے، قومی اسمبلی نے بھی اس سنگین فعل کی متفقہ طور پر مذمت کی ہے جو بین الاقوامی قوانین، سفارتی اصولوں اور عالمی رویے کے خلاف ہے۔

اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد ایران میں فوجی اور انٹیلی جنس افسران کی گرفتاریاں، امریکی اخبار کا دعویٰ

ایرانی قائم مقام وزیر خارجہ نے ڈپٹی وزیر اعظم سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے پر وزرائے خارجہ کی سطح پر منعقد ہونے والے او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کریں۔

یہ اجلاس ایران کی درخواست پر منعقد کیا جا رہا ہے اور جلد متوقع ہے۔

ڈپٹی وزیر اعظم نے او آئی سی وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس کے مطالبے کی مکمل حمایت کی اور اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان اس اہم اجلاس میں فعال طور پر حصہ لے گا۔

Ishaq Dar

OIC Meeting

Ali Baqri