Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
10 Rajab 1446  

صحافی کے سوال پر جان ابراہم بھڑک گئے، دھمکی دے ڈالی

اداکار کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید، کہیں صحافی کے سوال کو غلط قرار دیا گیا
شائع 03 اگست 2024 05:14pm
تصویر بشکریہ گوگل
تصویر بشکریہ گوگل

بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو جان ابراہم صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بھی بھرپور لفظی ایکشن میں نظر آئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جان ابراہم اپنی نئی آنے والی فلم ویدا کی پروموشن کے سلسلے میں ٹریلر لانچنگ کی تقریب میں آئے، جہاں انہوں نے پاپرازی کے سوالوں کے جواب دیے۔

وہیں ایک صحافی کی جانب سے سوال کیے جانے پر اداکار آپے سے باہر ہوگئے اور صحافی کو دھمکی دے ڈالی۔

ٹریلر لانچنگ کی تقریب میں موجود صحافی نے جان ابراہم سے سوال کیا کہ ’ آپ کی نئی فلم ویدا کا ٹریلر اچھا ہے، اس سے قبل ہم نے آپ کی ’ستیامیو جیتے‘ پھر اسی فلم کا دوسرا پارٹ بھی دیکھا اور پھر ’پٹھان ’ آئی جس نے اچھا بزنس کیا لیکن ہم دیکھ رہے ہیں آپ لگاتار ایک ہی طرح کے یعنی ایکشن کردار کر رہے ہیں؟ ایسا کیوں؟ آپ کچھ نیا کیوں نہیں لاتے؟

جس پر جان ابراہم غصے میں آگئے اور صحافی سے ہی سوال کر دیا کہ کیا آپ نے یہ فلم دیکھی ہے؟ صحافی کے انکار پر جان ابراہم نے کہا کہ کیا میں برے سوالات اور احمق افراد کو مسترد کر سکتا ہوں؟

جان ابراہم نے صحافی سے کہا کہ میں آپ کو صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ مذکورہ فلم میری پہلے آنے والی فلموں سے بہت مختلف ہے جس کیلئے میری کارکردگی اور محنت بہت زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ پہلے فلم دیکھیں اس کے بعد آپ جو کہنا چاہیں کہیں میں حاضر ہوں لیکن اگر آپ غلط نکلے تو میں آپ کو چیر دوں گا۔

جان ابراہم کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، کہیں صارفین نے جان ابراہم کے سخت برتاؤ پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تو کہیں صحافی کے سوال کو غلط قرار دیا گیا۔

John Abraham