Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

موغادیشو کے ساحل پر حملے میں 32 افراد ہلاک، 63 زخمی

حملہ اتنا اچانک تھا کہ کسی کو بھی سمجھ نہیں آئی، ہر کوئی خوفزدہ تھا اور اپنی جان بچانے کے لیے یہاں وہاں بھاگ رہا تھا، عینی شاہد
شائع 03 اگست 2024 04:03pm

صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کے ایک مصروف ساحل پر دہشتگرد تنظیم القاعدہ سے منسلک مسلح گروپ الشباب کے حملے میں 32 افراد ہلاک اور 63 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ”اے ایف پی“ کے مطابق صومالیہ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ موغادیشو کے ساحل پر کیے جانے والا حملہ الشباب گروپ کی جانب سے کیا گیا جس میں 32 افراد ہلاک اور 63 زخمی ہوئے۔

جمعہ کو رات گئے الشباب کے مسلح افراد نے ساحل سمندر پر موجود لوگوں پر فائرنگ شروع کردی اور بعد ازاں ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اُڑا دیا۔

القاعدہ سے منسلک دہشتگرد گروپ گزشتہ 17 سالوں سے عالمی سطح پر حمایت یافتہ حکومت کے خلاف بغاوت کر رہے ہیں، جس نے ایک ریڈیو اسٹیشن کے ذریعے اعلان میں لائیڈو بیچ پر حملے کی ذمہ داری قبول کی۔

برطانیہ میں 3 لڑکیوں کی چاقو حملے میں ہلاکت کا معاملہ، پرتشدد مظاہرین کا پولیس پر پتھراؤ، گاڑیاں نذر آتش

پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق ایک خود کش بمبار نے بیچ ویو ہوٹل کے مرکزی گیٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا جس کے بعد کچھ مسلحہ افراد نے ساحل پر موجود لوگوں پر فائرنگ شروع کردی۔

حملے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی غیر تصدیق شدہ ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ساحل سمندر پر خون میں لت پت لاشیں بکھری ہوئی پڑی ہیں۔

پولیس کے ترجمان عبد الفتاح عدن حسن نے ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ حملے میں 32 شہری ہلاک اور تقریباً 63 زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر زخمیوں کی حالت تشیوشناک ہے۔

پولیس افسر محمد عمر نے اے ایف پی کو بتایا کہ حملہ آوروں نے جیسے ہی لوگوں پر فائرنگ شروع کی تو سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں پانچ دہشت گرد مارے گئے اور چھٹے دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، اس دوران ایک پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔

اترپردیش : مندر کی زمین پر مسجد کی تعمیر کا دعویٰ، ایک اور مسجد شہید کیے جانے کا خدشہ

عینی شاہد عبدالطیف علی نے اے ایف پی کو بتایا کہ میں قریبی ہوٹل میں موجود تھا، جہاں سے یہ سارا منظر دیکھا، حملہ اتنا اچانک تھا کہ کسی کو بھی سمجھ نہیں آئی، ہر کوئی خوفزدہ تھا اور اپنی جان بچانے کے لیے یہاں وہاں بھاگ رہا تھا۔

ایک اور عینی شاہد کا کہنا تھا ’میں نے ساحل کے کنارے لوگوں کو زخمی حالت میں پڑے ہوئے دیکھا، لوگ چیخ رہے تھے اور یہ جاننا مشکل تھا کہ کون مرگیا ہے اور کون زندہ ہے‘۔

Somalia

al Shabab

Mogadishu Beach Attack