Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

زیتون کی عالمی پیداوار میں کمی، جعلی مال فروخت کرنے والے میدان میں آگئے

یورپی یونین میں تین ماہ کے دوران فراڈ کے 50 واقعات، ماحول کی خرابی سے پیداوار شدید متاثر
شائع 31 جولائ 2024 04:02pm

دنیا بھر میں موسمی تبدیلیوں کے باعث پیداوار میں کمی کے باعث زیتون کے تیل کے نام پر فراڈ بڑھ گیا ہے۔ یورپی یونین نے سالِ رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران زیتون کے تیل کے نام پر فراڈ کے 50 کیس رجسٹر کیے ہیں۔

اسپین زیتون کے تیل کی عالمی پیداوار کا نصف فراہم کرتا ہے۔ اب اُس کے ہاں بھی موسمی حالات کے باعث زیتون کی پیداوار بُری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ یہی سبب ہے کہ مارکیٹ میں جعلی تیل بھی آرہا ہے اور اس حوالے سے دھوکا دہی کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں۔

زیتون کے تیل میں ملاوٹ اور غلط لیبلنگ کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ دنیا بھر میں زیتون کے تیل کی قیمت 2018 کے مقابلے میں دُگنی ہوچکی ہے۔ اس کا بنیادی سبب یہ ہے کہ لاگت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوچکا ہے۔ ایسے میں کچھ افراد اور ادارے زیتون کے تیل میں ملاوٹ یا پھر غلط لیبلنگ کے ذریعے مال بٹور رہے ہیں۔

2018 میں یورپی یونین میں فراڈ کے 15 سے زیادہ معاملات رجسٹر کیے گئے تھے۔ اب یہ معاملہ بہت زیادہ خرابی کی طرف جاچکا ہے۔ برطانوی اخبار دی گارجین کی ایک رپورٹ کے مطابق زیتون کے تیل کی تجارت میں دھوکا دہی کے معاملات بہت زیادہ ہیں۔ پچاس تو صرف وہ معاملات ہیں جن کا پتا چل سکا ہے۔ یورپی یونین کے بہت سے ممالک میں یہ کیس بڑھ رہے ہیں۔ بیشتر کیس رپورٹ نہیں کیے جاتے۔

یورپ بھر میں فروخت ہونے والے زیتون کے تیل میں ملاوٹ کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ بعض ادارے زیتون کے تیل میں انتہائی مضر اجزا شامل کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے صارفین کی شکایات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بعض کیسز میں تو زیتون کے تیل میں پسا ہوا شیشہ بھی پایا گیا۔ جراثیم کش دوائیں اور بعض دوسرے گھٹیا تیل ملانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

زیتون کا انتہائی خالص تیل فراہم کرنے والے اداروں کی پروڈکٹس میں بھی ملاوٹ پائی گئی۔ بہت سے اداروں نے پست معیار کے تیل گمراہ کن لیبل کے ساتھ پیش کرکے بھی لوگوں کو دھوکا دیا ہے۔ بہت سے ملکوں کا تیار کردہ زیتون کا تیل کئی سرحدیں عبور کرکے صارفین تک پہنچتا ہے۔ اس دوران اس میں ملاوٹ کردی جاتی ہے۔ 2023 کے آغاز سے اب تک یورپی یونین میں زیتون کے تیل سے متعلق دھوکا دہی یا پست معیار کے جو جو 182 معاملات درج کیے گئے ہیں ان میں 54 اٹلی کے، 41 اسپین کے اور 39 یونان کے ہیں۔

جولائی 2022 میں یورپی یونین نے زیتون کے تیل کا معیار جانچنے اور طے کرنے کا طریقِ کار اور نئے قواعد روشناس کرائے۔ اسپین میں ہیٹ ویو اور دیگر موسمی تبدیلیوں اور عالمی موسمی حالات کی شدت نے زیتون کی پیداوار کو غیر معمولی حد تک متاثر کیا ہے۔ انٹرنیشنل ولیو کونسل کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسپین میں 2023-24 میں زیتون کے تیل کی پیداوار 24 لاکھ میٹرک ٹن رہنے کی توقع ہے۔

عالمی سطح پر پیداوار گھٹنے سے زیتون کی قیمت بہت بڑھ گئی ہے اور اس صورتِ حال کا فائدہ اٹھانے کے لیے ناقص تیل فروخت کرنے والے بہت بڑی تعداد میں سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ سال نومبر میں 100 کلو گرام ایکسٹرا ورجن تیل کی قمیت 787 یورو تھی۔ پانچ سال میں صرف 262 یورو کا اضافہ ہوا۔ اب چونکہ ماحول میں گراوٹ سے پیداوار زیادہ متاثر ہوئی ہے تو زیتون کا تیل دھوکے بازوں کے لیے زیادہ پُرکشش ہوگیا ہے۔

Fraud

Olive OIl

EUROPEAN MARKET