Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بنگلہ دیش میں جماعتِ اسلامی پر پابندی کا فیصلہ

ایگزیکٹیو آرڈر جاری کرنے کی تیاری، آج وزرائے داخلہ و قانون مشاورت کر رہے ہیں۔
شائع 31 جولائ 2024 10:49am

حالیہ طلبہ تحریک کے دوران پُرتشدد ہنگاموں میں کلیدی کردار اد اکرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی حکومت نے جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش اور اُس کے اسٹوڈنٹ ونگ اسلامی چھاترو شِبِر پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد کی سرکاری رہائش گونو بھبن میں منگل کو حکمراں اتحاد کی 14 جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں طلبہ تحریک کے دوران اور اُس کے بعد کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرِ قانون عبیدالقادر نے بتایا کہ طلبہ تحریک کو ہائی جیک کرکے احتجاج کو فسادات میں تبدیل کرنے پر جماعتِ اسلامی اور اس کے اسٹوڈنٹ ونگ پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جماعت اسلامی بنگلہ دیش اور اس کے اسٹوڈنٹ ونگ پر پابندی عائد کرنے کے لیے ایگزیکٹیو آرڈر جاری کیا جانے والا ہے۔ اس سلسلے میں وزیرِ قانون اور وزیرِ داخلہ آج مشاورت کرنے والے ہیں۔

بظاہر بنگلہ دیشی حکومت کی ایما پر بھارتی میڈیا آؤٹ لیٹس نے بھی اپنی توپوں کا رخ طلبہ تحریک کے دوران ہی جماعتِ اسلامی اور دیگر اسلام پسند جماعتوں کی طرف موڑ دیا تھا۔

طلبہ تحریک کے دوران پُرتشدد واقعات کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو بالعموم اور جماعتِ اسلامی سمیت اسلامی جماعتوں کو بالخصوص نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کا کہنا ہے کہ طلبہ تحریک پُرامن تھی مگر اُسے ہائی جیک کرلیا گیا۔ پہلے اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کو نشانہ بنایا گیا اور کہا گیا کہ اس نے طلبہ تحریک کے دوران طلبہ کی صفوں میں اپنے کارکن داخل کرکے معاملات کو بگاڑا ہے۔ بعد میں شیخ حسینہ نے جماعتِ اسلامی اور اسلامی چھاترو شِبِر کو لتاڑنا شروع کردیا۔

جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش کے قائدین نے پابندی عائد کرنے کے فیصلے کو انتہائی شرم ناک، غیر قانونی، غیر آئینی اور غیر اخلاقی قرار دیا ہے۔

قائدین کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ کی حکومت چونکہ معاملات کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے اس لیے اب قربانی کے بکرے تلاش کیے جارہے ہیں تاکہ اُن پر الزامات کی چُھری سے ذبح کرکے اپنی جان چُھڑائی جاسکے۔

واضح رہے کہ طلبہ تحریک کے قائدین گرفتار کرلیے گئے ہیں اور حکومت انہیں رہا کرنے سے انکار کر رہی ہے اس لیے طلبہ نے دوبارہ تحریک شروع کردی ہے۔ بنگلہ دیش میں حالات اب تک معمول پر نہیں آسکے ہیں۔

حکومت کا دعوٰی ہے کہ آج (بدھ) سے تمام سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر کُھل جائیں گے اور معمول کے مطابق کام شروع ہوجائے گا تاہم انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال نہیں کی گئی ہے اور فیس بک سمیت کئی سوشل میڈیا پورٹلز پر پابندی عائد ہے۔

Bangladesh

EXECUTIVE ORDER

BAN ON JAMAT E ISLAMI

CONSULTATION ON