Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی میں بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم، مزید برسات کی پیشگوئی

کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے
شائع 30 جولائ 2024 05:03pm

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، اور حسب توقع میگھا برستے ہی کے الیکٹرک کا سسٹم ٹھپ پڑ گیا اور شہر پتھر کے دور میں چلا گیا۔

کراچی میں بارش کے بعد مختلف علاقوں میں 400 سے زائد فیڈرز بند ہوگئے، صبح 11 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہری پریشان ہیں۔

ناظم آباد، نارتھ کراچی، گولیمار، گارڈن، گرومندر، سرجانی، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، گلشن اقبال اور ملیر میں بھی بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جب کہ 24 گھنٹے کے دوران مطلع ابر آلود اور موسم مرطوب رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے۔

دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ جولائی میں درجہ حرارت معمول سے زائد رہا ہے، 16 سے 23 جولائی کے دوران درجہ حرارت 5 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہا اور جولائی میں دو ہی مون سون اسپیل کراچی پر اثر انداز ہوئے، دو اسپیلز میں سرجانی ٹاؤن میں 100 ملی میٹر کے قریب بارش ہوئی، پورے شہر میں یکساں بارش نہ ہوسکی۔

چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ رات گئے تک یہ سسٹم سندھ سے نکل جائے گا، تاہم 4 اگست سے مشرقی سندھ سے شدت کی مون سون ہوائیں داخل ہونگی، 4 سے 6 اگست کے دوران سندھ کے بیشتر مقامات پر تیز اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے جب کہ اس دوران کراچی میں بھی اچھی بارش کا امکان ہے۔

K Electric

Karachi Rain