Aaj News

ہفتہ, جنوری 11, 2025  
10 Rajab 1446  

بغاوت پر اکسانے کا جرم ثابت: لیفٹیننٹ کرنل (ر) اکبر حسین کا فیلڈ کورٹ مارشل، 14 سال قید کی سزا

پاک فوج کے سابق افسر کو فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں سزا سنائی گئی، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 30 جولائ 2024 03:39pm

پاک فوج کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل اکبر حسین کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے تحت فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کا جرم ثابت ہونے پر 14 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل اکبر حسین کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے تحت سزا سنا دی گئی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لیفٹیننٹ کرنل اکبر حسین کا فیلڈ جنرل کورٹ مارشل پاکستان ارمی ایکٹ 1952 کے تحت کیا گیا، ریٹائرڈ کرنل اکبر حسین پر فوجی اہلکاروں کو فرض کی ادائیگی کے دوران بغاوت پر اکسانے کا الزام تھا، قانونی طور پر مجازعدالت نے لیفٹیننٹ کرنل اکبرحسین کو لگائے گئے الزامات کا مرتکب قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قانونی عمل کے ذریعے ریٹائرڈ لیفٹنٹ کرنل اکبر حسین کو 10 مئی 2024 کو فلڈ جنرل کورٹ مارشل کے تحت جرم ثابت ہونے پر 14 سال قید کی سزا سنائی گئی جبکہ اکبر حسین کا رینک 26 جولائی سے ضبط کرلیا گیا۔

سابق فوجی افسران عادل راجہ اور رضا مہدی کا کورٹ مارشل، طویل سزائیں، عہدے ضبط

اس سے قبل سابق میجر (ریٹائرڈ) عادل فاروق راجہ اور سابق کیپٹن (ریٹائرڈ) حیدر رضا مہدی کو بھی پاکستان آرمی ایکٹ 1952 کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے ذریعے فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں سزا سنائی تھی، دونوں سابق اہلکار جاسوسی سے متعلق آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کی دفعات اور ان کی خلاف ورزی اور ریاست کے تحفظ اور مفاد کے لیے منفی کارروائیوں میں ملوث پائے گئے تھے۔

مجاز عدالت نے 7 اور 9 اکتوبر 2023 کو عادل فاروق راجہ اور حیدر رضا مہدی کو بالترتیب 14 اور 12 سال قید بامشقت اور عہدہ ضبط کرنے کی سزا سنائی تھی، یہ سزائیں دونوں افراد پر 21 نومبر 2023 سے نافذ العمل ہیں۔

یاد رہے کہ آج میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ بیرون ملک موجود سازشی وانتشاری ٹولے کا ایک اور اہم کارندہ بے نقاب ہوگیا، اکبر حسین 9 مئی واقعات کے دوران عوام کو انتشار اور شر پسندی پر اکسا رہا تھا۔

کچھ بیرون ملک کردار خود ساختہ اور من گھڑت جھوٹ پھیلا کر پاکستان کی سیکیورٹی کے ضامن اداروں کے خلاف زہر اگلتے رہتے ہیں، ان عناصر کے میں اکبر حسین نامی شخص بھی شامل ہے۔

اکبر حسین نے 9 مئی واقعات کے دوران عوام کو انتشار اور شر پسندی پر اکساتے ہوئے ملک دشمنی کا عملی مظاہرہ کیا، اکبر حسین بیرون ملک بیٹھ کر مسلسل پاک فوج کے خلاف جھوٹا اور منفی پروپیگنڈا کرتا ہے

ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل اکبرحسین ماضی میں فوج کا حصہ رہ چکا ہے، ریٹائرمنٹ کے بعد مُلک دشمن عناصر کی ایما پر اکبر حسین اپنے ہی ملک کے خلاف کھڑا ہوگیا، وہ پاک فوج کا نام استعمال کرکے فارن فنڈنگ بھی حاصل کرتا رہا ہے۔

پی ٹی آئی کا یوٹیوبرز عادل راجہ اور حیدر مہدی سے اظہار لاتعلقی

اکبر حسین کی جانب سے ایکس اکاؤنٹ پر خیبر پختونخواہ میں بد امنی اور سول وار کی جھوٹی خبریں شیئر کی جاتی رہی ہیں، ان کی جانب سے بلوچستان میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کا الزام بھی فوج پر لگا دیا جاتا ہے، یہ شرپسند ملک دشمنی میں اس حد تک گر چکے ہیںکہ پاکستان کے خلاف بھارتی پروپیگنڈوں کو بھی شیئر کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

اکبر حسین پر غداری اور فارن فنڈنگ پر کام کرنے کے الزامات بے شمار شواہد اور ثبوتوں سے ثابت ہوچکے ہیں، اکبر حسین کو عوام، فوج کو بغاوت پر اکسانے سے متعلق آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پر سزا سنائی جانی چاہیے، اکبر حسین کو بغاوت، دہشت گردی، تشدد پر اکسانے کی پاداش میں مفرور قرار دیتے ہوئے ملک دشمنی پر ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔

pakistan army

Adil Raja

Haider Mehdi

court martial

field court martial

Capt Haider Mehdi

major adil raja farooq