Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

گوادر میں شرپسندوں کے حملے میں شہید سپاہی شبیر بلوچ کی نمازہ جنازہ ادا

نماز جنازہ میں وزیر داخلہ بلوچستان، پاک فوج کے افسران سمیت سماجی شخصیات کی شرکت
شائع 30 جولائ 2024 10:22am

گوادر میں شرپسندوں کے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی شبیر بلوچ کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپاہی شبیر بلوچ شہید کی نمازِ جنازہ گوادر میں ادا کی گئی، سپاہی شبیر بلوچ کی عمر 30 سال تھی اور وہ ضلع نصیرآباد کے رہائشی تھے۔

سپاہی شبیر بلوچ کی نماز جنازہ میں وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو، پاک فوج کے افسران، جوانوں، سول اہلکاروں اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نمازِ جنازہ کے بعد شہید کے جسدِ خاکی کو آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا جہاں شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 29 جولائی کو نام نہاد بلوچ راجی موچی کی آڑ میں ایک پرتشدد ہجوم نے ضلع گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں سپاہی شبیر بلوچ نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق، پرتشدد مظاہرین کی جانب سے بلا اشتعال حملوں کے نتیجے میں ایک افسر سمیت 16 فوجی جوان زخمی بھی ہوئے تھے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ سوشل میڈیا پر افواج پاکستان کے خلاف جعلی اور بدنیتی پر مبنی پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پروپیگنڈا کرنے والوں کی جانب سے مسخ شدہ تصاویر اور ویڈیوز کا استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو مشتعل کیا جا رہا ہے اور عوام کی ہمدردیاں حاصل کر کے انہیں پرتشدد مارچ پر اکسایا جا رہا ہے۔

rawalpindi

ISPR

Gwadar

Baloch Raji Muchi