Aaj News

منگل, ستمبر 17, 2024  
12 Rabi ul Awal 1446  

کراچی میں کہاں کتنی بارش ہوئی؟ محکمہ موسمیات نے اعداد و شمارجاری کردیے

بارش کے باعث حبس کی شدت میں کمی آگئی اور موسم خوشگوار ہوگیا
شائع 30 جولائ 2024 03:50pm

کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی جبکہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے۔

شہر قائد کے مختلف علاقوں گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، موسمیات، گلشن جمال اور اطراف میں تیز بارش ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ صدر، کلفٹن گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ ، آئی آئی چندریگر روڈ، کیماڑی، سلطان آباد، گرومندر اور اطراف کے علاقوں میں بھی تیز بارش شروع ہوگئی ہے۔

کراچی میں تاحال مطلع ابر آلود ہے جبکہ بارش کے باعث حبس کی شدت میں کمی آگئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ 31 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا جبکہ مون سون سیزن میں کراچی میں مزید بارشوں کی توقع ہے، اگست میں اچھی بارش اور موسم بہتر ہونے کا بھی امکان ہے۔

کراچی میں صبح سے کہاں کتنی بارش ہوئی، اعداد و شمارجاری

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے، شہر میں اب تک سب سے زیادہ بارش گڈاپ میں ہوئی، جہاں 42.4 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ اورنگی ٹاؤن میں بارش ہوئی، اورنگی ٹاؤن میں 26.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ سرجانی ٹاؤن میں 18.4 ملی میٹر، پاپوش نگر میں 9.6ملی میٹر، گلستان جوہر میں 8.4 ملی میٹر، ماڑی پور میں 8 ملی میٹر، کیماڑی میں 3 ملی میٹر، شارع فیصل پر 2 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 1.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

شہر میں سب سے کم بارش بن قاسم میں ہوئی، جہاں 0.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی گئی

اس سے قبل محکمہ موسمیات نے کراچی شہر میں آج گرج چمک کے ساتھ کہیں موسلا دھار تو کہیں تیز بارش کی پیشگوئی کی تھی اور کہا تھا کہ مون سون کا تیسرا اسپیل آج رات تک وقفے وقفے سے بادل برساتا رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 24 گھنٹے کےدوران مطلع ابر آلود اور موسم مرطوب رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے۔

دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہےکہ جولائی میں درجہ حرارت معمول سے زائد رہا ہے، 16سے 23 جولائی کے دوران درجہ حرارت 5 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہا اور جولائی میں دو ہی مون سون اسپیل کراچی پر اثر انداز ہوئے، دو اسپیلز میں سرجانی ٹاؤن میں 100 ملی میٹر کے قریب بارش ہوئی، پورے شہر میں یکساں بارش نہ ہوسکی۔

چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ کراچی میں دوپہر تک اچھی بارش کا امکان ہے اور رات گئے تک یہ سسٹم سندھ سے نکل جائے گا تاہم 4 اگست سے مشرقی سندھ سے شدت کی مون سون ہوائیں داخل ہونگی، 4 سے 6 اگست کے دوران سندھ کے بیشتر مقامات پر تیز اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے جب کہ اس دوران کراچی میں بھی اچھی بارش کا امکان ہے۔

ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار بہتر ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی نویں نمبر پر آگیا ہے، پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی پانچویں نمبر پر موجود ہے، ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 96 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ ہوئی۔

کراچی میں کہیں تیز اور ہلکی بارش سے موسم خوشگوار

کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

گلشن اقبال، گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، کریم آباد، نارتھ ناظم آباد میں تیز بارش ہوئی جبکہ لانڈھی، کورنگی، قائد آباد اور ملیر میں بھی ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔

ادھر شاہراہ فیصل، گرومندر، سندھی مسلم سوسائٹی، جمشید کوارٹر میں بھی ہلکی بارش ہوئی جبکہ لیاری ایکسپریس وے پر موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش شروع ہوتے ہی کراچی کے کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی، لانڈھی ، ملیر، نیوکراچی، شادمان ٹاؤن، منگھوپیر ، اورنگی سمیت دیگر علاقوں میں کئی گھنٹے بجلی غائب رہی، جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑا۔

karachi

Met Office

Karachi Rain

rainy weather

Rain prediction

HEAVY RAINS EXPECTED