Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

سیکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا میں مختلف آپریشنز، 5 دہشتگرد ہلاک، کانسٹیبل شہید

فتنۃ الخوارج کا خارجی صفت اللہ المعروف ملا منصور بھی مارا گیا
شائع 29 جولائ 2024 07:56pm

سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں تین الگ الگ آپریشنز میں کُل پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا ضلع مہمند میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن کیا گیا اور فتنۃ الخوارج کے قاری قاری سمیت تین دہشت گردوں کو کامیابی سے ہلاک کر دیا گیا۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو بھی تباہ کر دیا گیا اور اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا۔

تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران کے پی پولیس کے کانسٹیبل ابرار حسین نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی ایک اور کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے تباہ کیا، جس کے نتیجے میں فتنۃ الخوارج کا خارجی صفت اللہ المعروف ملا منصور مارا گیا، جب کہ تین دیگر دہشت گرد زخمی ہوئے۔

خارجی صفت اللہ 12 دسمبر 2023 کو درابن میں خودکش بم حملے میں سہولت کاری سمیت علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔

شمالی وزیرستان کے ضلع میں ہونے والی تیسری کارروائی میں فتنہ الخوارج کے ایک اور خارجی دہشت گرد کو سکیورٹی فورسز نے ہلاک کیا۔

آئی ایس پی آڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز پاکستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

KPK

security forces operation