Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سننے میں آیا ہے قومی اسمبلی اجلاس میں ججوں پر حملہ آور ہونے پلان ہے، بیرسٹر گوہر

پی ٹی آئی پر پابندی اور ججوں کے خلاف کسی بھی قرارداد کی مخلافت کریں گے، بیرسٹر گوہر
شائع 29 جولائ 2024 06:40pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ سننے میں آیا ہے حکومت قومی اسمبلی کے اجلاس میں ججوں پر حملہ آور ہوگی، ججوں کے حوالے سے کوئی بھی قرارداد آئی ہم اس کی مخالفت کریں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف کا بھوک ہڑتالی کیمپ آج بھی لگایا گیا تھا، بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے، توشہ خانہ کیس میں ان کی کسٹڈی دی گئی، اب کیس پر کیس نہ ملنے کے سبب پرانے کیسز سے کچھ نہ کچھ نکالنے کی کوشش ہورہی ہے، لیکن ہمیں عدلیہ پر پورا اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سب سے بڑی پارلیمانی جماعت بننے جارہی ہے، ہمارے ورکرز اور اراکین پارلیمان کو اٹھایا جارہا ہے، پانچ اگست کو صوابی میں ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، صوابی کا جلسہ کے علاوہ اسلام آباد والا جلسہ بھی وقت آنے پر کریں گے۔

پی ٹی آئی کو میری ضرورت ہے مجھے ان کی نہیں، نکالا تو فواد کی طرح واپس نہیں آؤں گا، شیر افضل

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس کل بلایا جارہا ہے، سننےمیں آیا ہے حکومت اجلاس میں ججوں پر حملہ آور ہوگی، ججوں کے حوالے سے کوئی بھی قرارداد آئی تو ہم اس کی مخالفت کریں گے، ہم پارلیمان کو کسی دوسرے مقصد کے لئے استعمال کرنے نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین نے آج بھی بات کی ہے، ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ ہر ادارہ اپنی حدود میں رہ کر فرائض انجام دے، ادارے غیر سیاسی ہوجائیں، کسی بھی پارٹی پر پابندی نہیں ہونا چاہئیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہر کام غیر روایتی ہے، پی ٹی آئی پابندی لگانے کی قرارداد آئی تو مخالفت کریں گے، ہمیں تین کروڑ عوام نے ووٹ دیا ہے، ایوان میں سب سے زیادہ ہماری نمائندگی ہے، تین صوبوں کی اسمبلیوں میں ہم موجود ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ویمن اور اقلیتوں کی لسٹوں کا اعلان کیا ہے، ہماری کمیٹیاں تھیں جنہوں نے یہ لسٹیں بنائی ہیں، ہم نے لسٹیں دے دی ہیں، کسی کو پارٹی کے اندر ان فہرستوں پر اعتراض نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم چیف جسٹس کے خلاف فتوے کی مخالفت کرتے ہیں، یہ بہت افسوس ناک بات ہے، کسی کو حق نہیں کہ وہ فتویٰ دے، قاضی فائزعیسیٰ ہمارے چیف جسٹس ہیں، ان کے حوالے سے سر کی قیمت لگانے کی مذمت کرتے ہیں، وہ تو چیف جسٹس پاکستان ہیں جو قابل احترام ہیں، کسی ماتحت عدالت کے جج کے خلاف بھی فتویٰ نہیں آنا چائیے۔

chairman pti

Barrister Gohar Ali Khan