Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

پرتشدد ہجوم کا گوادر میں سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ، ایک سپاہی شہید، افسر سمیت 16 اہلکار زخمی

تمام مظاہرین منشتر، حالات معمول پر آگئے، وزیر داخلہ بلوچستان
اپ ڈیٹ 29 جولائ 2024 09:00pm

نام نہاد بلوچ راجی مچی کے آڑ میں ایک پرتشدد ہجوم نے گوادر ضلع میں سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں ضلع سبی کے رہائشی 30 سالہ سپاہی شبیر بلوچ شہید اور 16 اہلکار ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایسپی آر) کے مطابق منگل کو پرتشدد مظاہرین کے بلا اشتعال حملوں کے نتیجے میں ایک افسر سمیت سولہ فوجی زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’سوشل میڈیا پر غیر قانونی پرتشدد مارچ کے لیے ہمدردی اور حمایت حاصل کرنے کے لیے پروپیگنڈا کرنے والوں کی جانب سے جعلی تصاویر اور ویڈیوز کا استعمال کرتے ہوئے جعلی اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے‘۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے اشتعال انگیزی کے باوجود غیر ضروری سویلین ہلاکتوں سے بچنے کے لیے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہجوم کی پرتشدد کارروائیاں ناقابل قبول ہیں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تمام شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں، پرسکون اور پرامن رہیں اور امن و امان کو برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

’تمام مظاہرین منشتر، حالات معمول پر آگئے‘

وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو گوادر پہنچ گئے ہیں جہاں انہیں امن عامہ سے متعلق اجلاس میں صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا بیس سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا تمام مظاہرین منشتر ہوگئے ہیں اور حالات معمول پر آگئے ہیں۔ ہم آئین کے مطابق بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

گوادر میں کشیدگی اورقومی شاہراہ کی بندش کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ISPR

Gwadar

Baloch Raji Muchi