Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

پیداوار کے تعین کیلئے ٹیسٹنگ جاری، متعلقہ کمپنیوں کے شیئرز کی ویلیو بڑھنے کا امکان
شائع 29 جولائ 2024 12:12pm

پاکستان آئل فیلڈز لمٹیڈ (پی او ایل) نے خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں کھدائی کے دوران تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے ہیں۔ یہ ذخائر رزگیر ون ایکسپلوریٹری میں دریافت ہوئے ہیں۔

پاکستان آئل فیلڈز لمٹیڈ اٹک آئل کمپنی لمٹیڈ، یو کے کی ذیلی کمپنی ہے اور اس کی پیرنٹ کمپنی کورل ہولڈنگ کمپنی ہے۔ پی او ایل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں اس کامیابی کا ذکر کیا۔

ڈرلنگ 9 جنوری 2024 کو شروع ہوئی تھی اور 3950 میٹر تک ڈرلنگ کی گئی ہے۔ یہ بات ایم او ایل گروپ نے بتائی جو تیل اور گیس کی ملٹی نیشنل کمپنی ہے اور اس کا صدر دفتر ہنگری کے دارالحکومت بڈاپیسٹ میں ہے۔

پی او ایل نے بتایا ہے کہ ڈرل اسٹیم ٹیسٹ کے ذریعے کنویں سے یومیہ 20 ملین مکعب فٹ گیس اور یومیہ 250 بیرل تیل نکالنے کی گنجائش کا جائزہ لیا گیا۔ ویل ہیڈ پریشر 2348 پی ایس آئی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ کنویں کی حقیقی استعداد کا اندازہ لگانے کے لیے ٹیسٹنگ آپریشن جاری ہے۔ حقیقی پیداوار ٹیسٹنگ آپریشن کے نتائج سے مختلف ہوسکتی ہے۔

عارف حبیب لمٹیڈ نے ایک نوٹس میں بتایا کہ اس فیلڈ میں آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی، پاکستان پیٹرولیم لمٹیڈ اور پاکستان آئل فیلڈز کے اسٹیکز بالترتیب 27.8، 27.8 اور 21.1 فیصد ہیں۔ اس کے نتیجے میں متعلقہ کمپنیوں کے شیئرز کی ویلیو میں بالترتیب 3 روپے 13 پیسے، 43 پیسے اور 27 پیسے سالانہ کا اضافہ متوقع ہے۔

پی او ایل تیل کی تلاش، ڈرلنگ اور پروڈکشن کی کمپنی ہے تاہم یہ مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی مارکیٹنگ سے بھی وابستہ ہیں۔

Oil and gas reserves

KYBER PAKHTUNKHWA

DISTRICT KOHAT

TESTING OPERATIONS