Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی سے لاپتہ صنعت کار ذوالفقار احمد گھر پہنچ گئے

ذوالفقار احمد کو آٹھ نامعلوم افراد نے کراچی کے علاقے ماڑی پور سے اغوا کیا تھا
شائع 28 جولائ 2024 11:11pm

کراچی سے لاپتہ صنعت کار ذوالفقار احمد لاہور میں اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔

کولا نیکسٹ، میزان گروپ اور پراچہ انڈسٹریز کے مالک ذوالفقار احمد کو 23 جولائی کو آٹھ نامعلوم افراد نے کراچی کے علاقے ماڑی پور سے اغوا کیا تھا۔

ان کی سفید ٹویوٹا سرف گاڑی کو آٹھ مسلح افراد نے کراچی کے ماڑی پور روڈ پر روکا، اور ان کے ایک دوست کو جانے کی اجازت دیتے ہوئے انہیں اغوا کرلیا۔

اغوا کی اطلاع نے تاجر کے اہل خانہ اور کمپنی انتظامیہ کو اسی دن کلری پولیس اسٹیشن میں درخواست جمع کرانے پر مجبور کیا۔ تاہم، پولیس نے شکایت درج کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہیں سندھ ہائی کورٹ جانے پر مجبور کیا، جس نے پولیس کو جمعہ کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔

پولیس نے تصدیق کی کہ کلری تھانے میں اغوا کا مقدمہ دفعہ 365 کے تحت ٹیکسٹائل کے منیجر عمران ملک کی جانب سے درج کیا گیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ ذوالفقار احمد لاہور میں اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔

قبل ازیں ان کے وکیل نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ذوالفقار احمد کا اپنی فیملی سے رابطہ ہوگیا ہے اور وہ جلد اپنے گھر پہنچ جائیں گے۔

Zulfiqar Ahmed

Cola Next

Meezan

Industrialist Abducted