Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

جڑواں شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار، گجرات میں 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

گجرات میں ایک گھنٹے کی بارش نے پورے شہر کو ڈبو دیا، اہم شاہرائیں تالاب کا مںظر پیش کرنے لگیں
شائع 28 جولائ 2024 11:34am

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں صبح سویرے تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا جبکہ گجرات میں بارش کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، ایک گھنٹے کی بارش نے پورے شہر کو ڈبو دیا، شہر کی اہم شاہرائیں تالاب کا مںظر پیش کرنے لگیں۔

جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں صبح سویرے سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے باعث سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا۔

جہلم ، گوجرخان، راوت، کلرسیداں، اٹک، ٹیکسلا، چکوال، ہری پور سمیت دیگر اضلاع میں بارش جاری ہے، اس کے علاوہ مری، ایبٹ آباد اور گلیات میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش جاری ہے جبکہ کشمیر میں بھی برسات کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہواؤں کے باعث آج سے بدھ تک ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر، اسلام آباد، پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں مزید برسات برسے گی جبکہ گلگت بلتستان میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہے گا جبکہ دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ میں بارش کا امکان ہے، پشاور، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، مالاکنڈ، باجوڑمیں بارش متوقع ہے۔

آج سے منگل تک سندھ کے ضلع سانگھڑ، میرپورخاص، عمر کوٹ، بدین اور دیگر ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے، اس کے علاوہ لاہور، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، فیصل آباد، رحیم یارخان، بہاولپور، بہاولنگر، سرگودھا، میانوالی اور خوشاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلادھار بارش، کئی علاقوں میں بجلی فراہمی معطل

کراچی میں آج اور پیر کو درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے، شہرقائد میں کل سے تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ آج شام یا رات میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔

گجرات میں ایک گھنٹے کی بارش نے پورے شہر کو ڈبو دیا

دوسری جانب گجرات میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں بارش کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

گجرات میں مون سون کا ایک اور زور دار اسپیل جاری ہے، جہاں ایک گھنٹے کی بارش نے پورے شہر کو ڈبو دیا۔

بارش کا پانی شہریوں کے گھروں میں داخل ہو گیا، جس کے باعث شہری پریشان ہیں جبکہ بارش کے پانی سے شہر کی اہم شاہرائیں ڈوب گئیں اور تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ میونسپل کارپوریشن کا عملہ نکاسی آب میں مصروف ہے۔

کھٹالہ چناب میں مکان کی چھت گرنے سے 80 سالہ بزرگ خاتون جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔

اسلام آباد

Met Office

Rain

heavy rains

rainy weather

Rain prediction