Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

رنگارنگ تقریب کے ذریعے اولمپکس کا آغاز، ایفل ٹاور پر شاندار نائٹ شو

پیرس میں جشن کا شماں، عالمی شخصیات کی شرکت، اولمپکس پرچم الٹا لہرانے پر انتظامیہ کو تنقید کا سامنا
شائع 27 جولائ 2024 09:07am

پیرس میں گزشتہ شام اولمپکس کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ شہر بھر میں مختلف مقامات پر افتتاحی تقریب کی مد میں کئی ایونٹ ہوئے جن میں لاکھوں افراد شریک ہوئے۔ اس موقع پر فرانسیسی دارالحکومت میں ایفل ٹاور کے ارد گرد کے علاقے کو انتہائی محنت اور سلیقے سے سجایا گیا تھا۔ حملوں کی دھمکیوں کے پیشِ نظر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے۔

پیرس کے دریائے سین پر رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ اولمپک مشعل روشن کی گئی۔ عالمی شہرت یافتہ فنکاروں نے پرفارم کیا جن میں لیڈی گاگا اور سیلین ڈیئون کو نمایاں حیثیت حاصل رہی۔ تاریخ کے سب سے زیادہ ہائی رسک گیمز کے لیے سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔

پیرس اولمپکس کی انتظامیہ کو اولمپکس کا پرچم اُلٹا لہرانے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے منتظمین کی خوب ٹرولنگ کی جاہری ہے۔ اولمپکس کے آفیشل نشان اور پرچم پر تین دائرے اوپر اور دو دائرے نیچے ہیں جو ہر برِاعظم کی کی نمائندگی کرتے ہیں۔

فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے پیرس اولمپکس کے باضابطہ آغاز کا اعلان کیا۔ افتتاحی تقریب میں عالمی رہنماؤں، 10 ہزار 500 ایتھیلیٹس اور 3 ہزار فنکاروں نے شرکت کی۔ ان تمام فنکاروں نے انتہائی شاندار پرفارمنس پیش کی۔

اولمپک پریڈ میں سو کشتیوں نے دریائے سین میں 6 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ ان کشتیوں پر ایتھلیٹس کے علاوہ اہم عالمی شخصیات بھی سوار تھیں۔ اٹھارہ رکنی پاکستانی دستے نے چار ملکوں کے ساتھ کشتی پر انٹری دی۔

اولمپک مشعل فرانس کے معروف فٹبالر زیڈان کے ہاتھوں میں آئی۔ پھر ٹینس اسٹار رافیل نڈال کے پاس گئی۔ آخر میں جوڈو کاٹیڈی ریز اور اسپرنٹر میری ہوزے پیرک نے مشعل کو روشن کیا۔

تین لاکھ سے زائد تماشائیوں نے خوب جی بھرکے جشن منایا۔ پیرس کے عالمی شہرت یافتہ ایفل ٹاور پر نائٹ شو ہوا۔ ٹاور کو انتہائی مہارت سے بقعہ نور بنادیا گیا تھا۔

تاریخ کے سب سے زیادہ ہائی رسک گیمز کے لیے سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس اور فوج کے 45 ہزار اہلکار کو اولمپکس کی سیکیورٹی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ افتتاحی تقریب کے دوران عمارتوں کی چھتوں پر اسنائپرز تعینات رہے۔ پیرس کی فضائی حدود کو بند رکھا گیا۔ کھیلوں کا عالمی میلہ 11 اگست تک جاری رہے گا۔

paris olympics

EXTRAVAGANZA IN PARIS

BOATING

ATHELETE GROUPS