کاغان ویلی میں متعدد مقامات پر پگھلنے والے گلیشیرز کو توڑنے کا عمل جاری
کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے چند روز قبل جھیل سیف الملوک روڈ پر المناک حادثے میں 2 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد سیاحتی مقامات پر گلیشیئر کو ہٹانے سے متعلق حفاظتی اقدامات پر کام شروع کر دیا۔
واضح رہے کہ سیاح شاہراہ کی طرف باہر نکلے ایک گلیشیئر کے ٹکرے کے نیچے کھڑے ہو کر تصاویر بنوارہے تھے کہ وہ گلیشیئر کا مخصوص خصہ پگھلنے سے ٹوٹ کر ان پر گر پڑا جس کے باعث دو سیاح جاں بحق ہوگئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے تمام سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے فیصلہ کن اقدامات شروع کر دیئے ہیں جس کے تحت افسران نے چٹہ کھٹہ سمیت ان سیاحتی مقامات کو نشانہ بنایا ہے جہاں پگھلتے ہوئے گلیشئرز سیاحوں کیلئے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے شبیر خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن کی ہدایت پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے بلڈنگ انسپکٹر کی قیادت میں ان خطرناک علاقوں میں پگھلتے ہوئے گلیشئرز کو ہٹانے کا کام کر رہی ہے۔
مانسہرہ : تصویریں بنوانے کے دوران گلیشیئر سیاحوں پر گرگیا، 2 جاں بحق
علاوہ ازیں کے ڈی اے نے تمام سیاحوں سے گزارش کی کہ وہ ہمارے علاقہ کی قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوتے ہوئے حفاظتی ہدایات اور قوانین پر عمل کریں، براہ کرم پگھلتے ہوئے گلیشئرز کے قریب جانے اور خطرناک علاقوں میں داخل ہونے سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور ان احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے آپ کا دورہ محفوظ اور خوشگوار ہو گا۔
Comments are closed on this story.