Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پیرس اولمپکس: ریلوے ٹریک پر حملے کے بعد ایئرپورٹ پر بم کی اطلاع سے ہلچل مچ گئی

ایئرپورٹ عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے, رپورٹ
شائع 26 جولائ 2024 06:45pm
تصویر بشکریہ گوگل
تصویر بشکریہ گوگل

فرانس میں آج اولمپکس کے افتتاح کے موقع پر غیر معمولی سیکیورٹی کے باوجود نامعلوم افراد نے ٹرین نیٹ ورک پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی۔ شرپسندوں کے حملوں کے باعث پیرس سمیت اہم ریلوے اسٹیشنز کے نظام میں خلل واقع ہوا جس کے نتیجے میں بہت سی ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر ہوئی۔

اولپمکس شروع ہونے سے پہلے ہی فرانس میں خوف کی فضا کا راج ہے۔ وہیں ریلوے ٹریک پر حملے کے بعد ایئرپورٹ پر بم کی اطلاع نے ہلچل مچادی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بم کی اطلاع ملنے کے بعد سینٹ لوئس میں فرینکوسوئس ایئرپورٹ عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

فرانسیسی پولیس کے مطابق تمام پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ اولپکس کی افتتاحی تقریب شروع ہونے میں چند گھنٹے ہی باقی ہے۔

دوسری جانب فرانس کے ریلوے نیٹ ورک نے سسٹم کو پہنچنے والے نقصان کا تیزی سے ازالہ کیا گیا تاکہ ملک بھر سے اور بیرونِ ملک سے پیرس پہنچنے والوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سسٹم میں خرابی بہت حد تک دور کرکے ٹرینوں کی آمد و رفت بحال کردی گئی ہے تاہم سسٹم کو مکمل طور پر درست کرنے میں ہفتہ لگے گا۔

بہت سی ٹرینوں کو وہیں واپس بھیجا جارہا تھا جہاں سے وہ روانہ ہوئی تھیں۔ فرانس کے دارالحکومت میں آج سے شروع ہونے والے اولمپکس کے مقابلے دیکھنے کے لیے فرانس کے دور افتادہ علاقوں کے علاوہ پڑوسی یورپی ممالک سے بھی بہت بڑی تعداد میں لوگ پیرس پہنچ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ فرانس میں بہت سے سماجی گروپس نے اولمپک مقابلوں میں اسرائیل کی شرکت پر اعتراض کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی دستے کو واپس بھیجا جائے۔ غزہ کی صورتِ حال کے لیے اسرائیلی فوج پر شدید تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو اس بات کا حق حاصل نہیں کہ بین الاقوامی مقابلوں میں شریک ہو۔

کچھ دن قبل اولمپکس میں اسرائیل کی شرکت کے خلاف پیرس سمیت فرانس کے متعدد شہروں میں مظاہرے بھی ہوئے تھے۔ فرانسیسی حکومت نے پولیس، فوج اور نیم فوجی دستوں کے لیے ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔ ملک بھر میں بالعموم اور پیرس میں بالخصوص سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔

paris olympics

FRENCH RAILWAY SYSTEM

COORDINATED ATTACK

ARSON