Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

’میری فیملی برباد ہوگئی‘، جیا کے والد نے امیتابھ کو شادی پر یہ کیوں کہا؟

امیتابھ بچن اور جیا بھدوری (اب بچن) کی شادی 3 جون 1973 کو سادگی سے ہوئی تھی
اپ ڈیٹ 25 جولائ 2024 10:21pm

بالی ووڈ کی جان سمجھے جانے والے امیتابھ بچن نے جیا بچن سے 3 جون 1973 کو سادگی سے شادی کی تھی، اور اس شادی کے موقعے پر جیا کے والد امیتابھ بچن اور جیا بھدوری کے رشتے سے ناخوش تھے۔

جیا بچن نے ایک انٹرویو کے دوران اس بات کا انکشاف کیا کہ ان کے والد نہیں چاہتے تھے کہ ان کی شادی ہو اور وہ امیتابھ کے ساتھ تعلقات سے ناخوش بھی تھے ۔

نہ صرف جیا بچن بلکہ امیتابھ کے والد شاعر ہری ونش رائے بچن نے بھی اپنی سوانح عمری ”ان دی آفٹرنون آف ٹائم“ میں ان باتوں کا ذکر کیا ہے جو جیا کے والد نے دونوں اداکاروں کی شادی کی تقریب کے اختتام کے بعد انہیں بتائی تھیں۔

امیتابھ کے والد ہری ونش نے اپنے بیٹے امیتابھ بچن کی شادی کے دن کو یاد کرتے ہوئے کتاب میں لکھا کہ جانے سے پہلے، میں نے اپنی نئی بہو کے والد کو گلے لگایا اور ان کو امیتابھ جیسا داماد ملنے پر مبارکباد دی، توقع تھی کہ وہ جیا کے حوالے سے بھی ایسا ہی کہیں گے۔ لیکن انہوں نے کہا، ’میرا خاندان بالکل برباد ہو گیا ہے۔‘

ہری ونش رائے نے 3 جون 1973 کے واقعات بھی بیان کئے، جب امیتابھ اور جیا میاں بیوی بنے۔ زنجیر، نمک حرام اور سوداگر جیسی فلموں کی کامیابی کے بعد امیتابھ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے، ان کے خاندان نے شادی کی ایک چھوٹی تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ اس تقریب میں ان کے مداحوں کی بھیڑ نہ ہو۔

مشہور شاعر نے نوٹ کیا، ’جیا کے خاندان نے یہ تقریب بیچ ہاؤس میں واقع اپنے فلیٹ میں نہیں بلکہ مالابار ہلز میں اسکائی لارک عمارت کی اوپری منزل پر ایک دوست کی جگہ پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔‘

ہری ونش رائے نے یہ بھی بتایا کہ شادی کی تقریب کی منصوبہ بندی اس طرح خاموشی سے کی گئی تھی کہ ان کے پڑوسیوں کو بھی اس کی خبر نہیں تھی۔ شادی میں صرف ان کے رشتہ داروں، جگدیش راجن اور ان کے خاندان کو، اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی اور ان کے خاندان کو مدعو کیا گیا تھا، حالانکہ اندرا گاندھی اور امیتابھ کی والدہ تیجی بچن کے درمیان قریبی رشتہ تھا۔

شادی کے دن کو یاد کرتے ہوئے شاعر نے مزید کہا کہ ’ہم لفٹ میں اوپر گئے، جیا دلہن بننی ہوئیں تھیں، میں نے پہلی بار اس کے چہرے پر شرمیلا پن دیکھا تھا۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن اور جیا بچن کی شادی کو اب 51 سال ہو چکے ہیں وہ دو بچوں کے والدین ہونے کے ساتھ ساتھ نانا نانی اور دادا دادی بھی ہیں۔

Marriage

Amitabh Bachchan