طوفانی بارشوں سے ممبئی اور پونہ میں تباہی، متعدد ہلاکتیں، فوج طلب
بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں مون سون کی موسلا دھار، طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی ہے۔ بھارت کے تجارتی دارالحکومت ممبئی اور پونہ میں بیشتر علاقے زیرِآب آگئے ہیں۔ لاکھوں افراد اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔
ممبئی میں موسلا دھار بارش نے متعدد سڑکوں کو یوں ڈبودیا ہے کہ وہ ندی یا دریا کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔ نشیبی علاقوں کا حال بہت برا ہے کیونکہ ہر طرح کے آمد و رفت ناممکن ہو جانے کے باعث اشیائے خور و نوش کی قلت پیدا ہوچلی ہے۔
ممبئی اور پونہ میں تجارتی و صنعتی علاقے بند کردیے گئے ہیں۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں۔ مریضوں اور زخمیوں کو اسپتال پہنچانا بھی انتہائی دشوار ہوچکا ہے۔ بہت سے علاقوں میں بارش کے باعث سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ لوگوں کو پتا نہیں ہوتا کہ کہاں گڑھا ہے۔ بہت سے لوگ سڑکوں پر گزرتے ہوئے گڑھوں میں ڈوب کر شدید زخمی ہوگئے۔
پونہ میں کرنٹ لگنے کے واقعات بھی ہوئے ہیں جن میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ ممبئی میں میٹروپولیٹن انتظامیہ نے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ ممبئی کا دوسرا سب سے زیادہ بارش زدہ جولائی ہے۔
ممبئی میں مون سون کی بارشوں کے سیزن کا ابھی ایک ہفتہ اور باقی ہے جبکہ مجموعی طور پر، انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق، 150 سینٹری میٹر سے زیادہ بارش ہوچکی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مہاراشٹر کے بہت سے دوسرے علاقوں میں بھی طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
پونہ، کولہاپور اور دیگر قصبوں اور دیہی علاقوں میں بہت بڑے پیمانے پر بارش کا پانی کھڑا ہے۔ بعض علاقے دریا کا منظر پیش کر ہے ہیں۔ لوگوں کے لیے ایک دو کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنا بھی آسان نہیں رہا۔ رائیگڑ، پالگڑھ اور دوسرے بہت سے علاقوں میں اسکولوں کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے۔
پونہ میں پمپری چھینچھواڑ کے علاقوں میں اس حد تک پانی بھرگیا ہے کہ لوگوں کے لیے گھروں سے نکلنا بھی ممکن نہیں رہا۔ ممبئی اور پونہ میں فوج کو طلب کرلیا گیا ہے تاکہ ضرورت پرنے پر ریسکیو کی کارروائیوں میں اُن کی مہارت سے مدد لی جاسکے۔
ممبئی اور پونہ میں مقامی انتظامیہ نے امدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔ جن علاقوں میں لوگوں پانی کے باعث محصور ہوگئے ہیں انہیں اشیائے خور و نوش پہنچائی جارہی ہیں۔
متعدد ایئر لائن نے ممبئی کی پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ ایئر انڈیا اور انڈیگو کی سیکڑوں اندرونی پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔ ایئر لائنز نے اپنے کرم فرماؤں سے کہا ہے کہ ایئر پورٹ کے لیے نکلنے سے پہلے ٹیلی فون پر اپ ڈیٹ لے لیں۔
ممبئی اور پونہ میں سیکڑوں کاریں اور موٹر سائیکلیں بارش کے پانی میں گِھری ہوئی ہیں۔ بہت سے سوں کو پانی بھر جانے کے باعث اپنی گاڑیوں سے نکل کر پیدل گھر جانا پڑا۔ بہت سے موٹر سائیکل سیلابی ریلوں میں بہنے سے بار بار بچے۔ نالے بھرچکے ہیں۔ بیشتر مقامات پر نالوں کا پتا نہیں چل پارہا۔ دی برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شہر سے باہر جانے سے گریز کریں۔
Comments are closed on this story.