Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

چائے سر درد کم کرتی ہے یا مزید بڑھانے کا باعث بنتی ہے؟

اگر آپ بھی سر درد ہونے پر چائے مانگتے ہیں تو یہ حقیقت ضرور جان لیں
شائع 24 جولائ 2024 07:16pm

’ارے سر میں درد ہو رہا ہے، کوئی چائے پلا دو۔۔۔‘، اگر آپ دیسی ہیں تو اس جملے سے ضرور مانوس ہوں گے، اور ہوسکتا ہے آپ نے بھی یہ آواز کبھی نہ کبھی لگائی ہو۔

پاکستان میں چائے کو انکار کرنے والے کو ایسی نظروں سے دیکھا جاتا ہے جیسے اس نے دین سے ہی انکار کردیا ہے۔ چائے، تقریباً تمام ہی پاکستانی گھرانوں میں ایک اہم اور محبوب مشروب بن چکی ہے۔

چاہے پٹھان کے کوئٹہ ہوٹل کا کپ ہو یا امی کے ہاتھ کی بنی چائے، یہاں تک کہ آفس کی تعویذ (ٹی بیگ) والی چائے جس میں کوئی ذائقہ تک نہیں ہوتا، اسے بھی سکون اور تھکان اتارنے کا ایک زریعہ سمجھا جاتا ہے، پھر چاہے موسم شدید گرم ہی کیوں نہ ہو۔

یہاں تک کہ جب سر درد ہو تو دوا سے پہلے چائے مانگی جاتی ہے، لیکن کیا چائے کا سر درد سے کوئی تعلق ہے؟

ویسے تو چائے کی دنیا میں کیمومائل سے لے کر گرین ٹی تک مختلف اقسام ہیں، جو آپ کے جسم کے لیے مختلف فوائد رکھتی ہیں اور نقصانات بھی۔ لیکن یہاں، جب ہم ’چائے‘ کہتے ہیں، تو ہمارا مطلب سادہ دودھ والی چائے ہے جو ہر گھر میں بنتی ہے۔

اور ماہرین کے مطابق یہ چائے آپ کے سر درد میں براہ راست مدد نہیں کر سکتی۔

لیموں ادرک کی چائے میں پوشیدہ جوان طویل عمر کا راز

ممبئی میں ایک سینئر فزیشن اور کریٹیکل کیئر اسپیشلسٹ ڈاکٹر روحی پیرزادہ کہتی ہیں، ’اگرچہ سر درد کے علاج اور چائے کے استعمال کے درمیان تعلق کا کوئی براہ راست ثبوت نہیں ہے، لیکن چائے ہائیڈریشن میں مدد دے سکتی ہے کیونکہ پانی کی کمی سے سر درد بڑھ سکتا ہے۔‘

فورٹیس ہسپتال، نوئیڈا میں نیورولوجی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر جیوتی بالا شرما بھی اس سے اتفاق کرتی ہیں اور کہتی ہیں، چائے بند ناک کو کھول سکتی ہے اور سائنوسائٹس کی وجہ سے ہونے والے سر درد سے نجات دلا سکتی ہے۔

ان کے مطابق ایک اور وجہ جس سے چائے آپ کے سر درد کو کم کرسکتی ہے وہ بلیک ٹی ہے، جس میں کیفین ہوتی ہے جو سر درد میں آپ کی مدد کر سکتی ہے۔

کیفین خون کی نالیوں کو تنگ کرتی ہے اور ممکنہ طور پر سر درد کی علامات کو کم کر سکتی ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو کیفین ایڈکٹ ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ ایک کپ (150 ملی لیٹر) پکی ہوئی کافی میں 80 سے 120 ملی گرام کیفین ہوتی ہے، انسٹینٹ کافی میں 50 سے 65 ملی گرام، اور چائے میں 30 سے 65 ملی گرام کیفین ہوتی ہے۔

چائے کے ساتھ یہ 3 غذائیں ہرگز نہ کھائیں

چائے سر درد میں مدد تو کرسکتی ہے، لیکن اس کی تاثیر ہر شخص میں مختلف ہو سکتی ہے۔

چائے کیوں سر درد میں فائدہ مند ہوتی ہے؟ ماہرین اس کی کچھ وجوہات بیان کرتے ہیں تو درج ذیل ہیں۔

ہائیڈریشن

ڈاکٹر پیرزادہ کہتی ہیں، ’چائے ہائیڈریشن میں مدد کر سکتی ہے کیونکہ سر درد ڈی ہائیڈریشن کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔‘

مصالحہ

سر درد کے علاج میں مدد کرنے کی ایک وجہ چائے کے اجزاء ہیں۔

ادرک، الائچی اور دار چینی جیسے مصالحے، جو عام طور پر چائے میں استعمال ہوتے ہیں، ان میں سوزش کی خصوصیات ہوتی ہیں جو درد اور تکلیف کو کم کرسکتی ہیں۔

مثال کے طور پر، 2020 کی ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ ادرک درد شقیقہ کے مریضوں کے علاج میں مؤثر ہے۔

دارچینی کی چائے کے 9 بہترین فوائد

اروما تھراپی

اگرچہ یہ ثابت کرنے کے لیے کافی سائنسی شواہد موجود نہیں ہیں کہ مہک آپ کے سر درد کو ٹھیک کر سکتی ہے، لیکن کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ چائے میں موجود مصالحے سکون بخش اثر ڈال سکتے ہیں، اور ممکنہ طور پر تناؤ سے ہونے والے سر درد کو کم کر سکتے ہیں۔

تاہم، ماہرین کا خیال ہے کہ اس بات کے کافی ثبوت نہیں ہیں کہ چائے سر درد میں مدد کرتی ہے۔ اس کے برعکس، کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ چائے درحقیقت بہت سے لوگوں میں سر درد کو ٹھیک کرنے کی بجائے الٹا سردرد کا سبب بن سکتی ہے۔

کیا چائے سر درد کا سبب بن سکتی ہے؟

ڈاکٹر پیرزادہ کا کہنا ہے کہ زیادہ چائے اور کافی سر درد کا باعث بن سکتی ہیں، کیونکہ جب ان کا باقاعدگی سے استعمال کیا جاتا ہے تو یہ دماغ میں خون کی نالیوں کو تنگ کر دیتے ہیں۔ جب طویل وقفے کے بعد اچانک چائے کا استعمال کیا جاتا ہے تو یہ سر درد کا باعث بن سکتا ہے، ویسوڈائلیشن (نسوں کے پھیلاؤ) کا سبب بن سکتا ہے، جس سے سر میں درد ہوتا ہے۔

ڈاکٹر شرما بھی اس سے متفق ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ چائے آئرن اور دیگر غذائی اجزاء کے جذب ہونے میں مداخلت کر سکتی ہے جس سے جسم میں کمی کی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے۔

کالی چائے پینے کے فوائد جان کر آپ دودھ پتی چھوڑ دیں گے

چائے پینے کا صحیح وقت کیا ہے؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمیں کھانے سے کم از کم ایک گھنٹہ پہلے اور بعد میں چائے اور کافی کے استعمال سے گریز کرنا چاہئیے۔

ایسا ٹینن نامی ایک محرک کی وجہ سے ہے، جو کیفین کی طرح چائے میں بھی موجود ہوتا ہے۔ یہ ٹیننز جسم میں آئرن کے جذب میں مداخلت کر سکتے ہیں۔ آئرن کی کم سطح آئرن ڈیفیشنسی اور انیمیا جیسے حالات کا باعث بن سکتی ہے۔

ڈاکٹر شرما کہتی ہیں کہ سونے سے پہلے چائے نہیں لینی چاہیے کیونکہ یہ اگلی صبح بے خوابی اور سر درد کا باعث بن سکتی ہیں۔ ٹینن بہت سے لوگوں کے لیے درد شقیقہ کا محرک بھی ہو سکتا ہے۔ کیفین پر مشتمل چائے نہ صرف سر درد کا باعث بنتی ہے بلکہ عادت کا باعث بھی بن سکتی ہے، جس سے چائے نہ پینے پر عام تھکاوٹ پیدا ہوتی ہے اور توانائی کم ہو جاتی ہے۔

دودھ پتی چائے آپ کو کس طرح کینسر میں مبتلا کرتی ہے؟

لہٰذا، یہ توقع نہ کریں کہ چائے کا ایک گرم کپ آپ کے سر درد کا حل ہوگا، کیونکہ یہ کافی پانی نہ پینے سے لے کر ہارمونل تبدیلیوں تک مختلف عوامل کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔

Tea

Headache

BENEFITS OF TEA