Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کرلیا

پیکا ایکٹ کے تحت عدالتیں ہمارے خلاف کیسز کیلئے بنائی گئی ہیں، احمد خان بھچر
شائع 24 جولائ 2024 04:51pm
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کرلیا۔ صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر کا کہنا ہے کہ پیکا ایکٹ کے تحت عدالتوں کے قیام کے خلاف ہیں، یہ کورٹس ہمارے خلاف کیسز کیلئے بنائی گئی ہیں۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچر ہڑتالی کیمپ کی قیادت کر رہے ہیں، ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی، صدر پی ٹی آئی مذہبی ونگ علامہ اصغر عارف چشتی سمیت پی ٹی آئی کارکنان کیمپ میں موجود ہیں جب کہ خواتین کارکنان بھی کیمپ میں پہنچ گئی ہیں۔

اس کے علاوہ ایم پی اے میجر (ر) غلام سرور، ایم این اے عظین الدین لکھوی بھی ہڑتالی کیمپ میں شریک ہیں۔

ہڑتالی کیمپ سے قبل ملک احمد بھچر نے پیکا ایکٹ کے تحت عدالتوں کے قیام کی مخالفت کی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ آرٹیکل سکس لگا کر دیکھیں حکومت کو دن میں تارے نظر آجائیں گے، فارم سینتالیس والی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ وزارت قانون و انصاف نے اسلام آباد ہاٸیکورٹ کے جسٹس بابر ستار کے حکم کی روشنی میں پیکا ایکٹ کے تحت گرفتار ملزمان کے ٹرائل کیلئے عدالتیں تشکیل دے دی ہیں۔

جن میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سول جج ایسٹ اینڈ ویسٹ کو ٹرائل کا اختیار دیا گیا ہے جبکہ دیگر صوبوں میں متعلقہ ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی مشاورت سے ججز نامزد ہوں گے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے ہم مزاحمت کی طرف جا رہے ہیں، ہم ہر ضلع میں علامتی بھوک ہڑتال کریں گے، ہمارے ورکرز تیار ہیں اور احتجاج کا دائرہ کار بڑھائیں گے، ہم عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے کیونکہ آپ پارٹی بن گئے ہیں۔

PECA Act

Malik Ahmed Khan Bhachar