Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کا کیس فوجی عدالت میں نہیں جانا چاہیے، ہم اپنی غلطیوں سے سیکھیں گے، تیمور جھگڑا

آج پاکستان میں نان اسٹیک ایکٹرز اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، دانیال چوہدری
شائع 23 جولائ 2024 11:06pm
فوٹو۔۔۔اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔اسکرین گریب
Will PTI’s protest weaken govt?| Spot Light | Complete Episode | Aaj News

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کیس فوجی عدالت میں نہیں جانا چاہیے، ہم اپنی غلطیوں سے سیکھیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر دانیال چوہدری کا کہنا ہے کہ آج پاکستان میں نان اسٹیک ایکٹرز اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کی رہنما شہلا رضا کہتی ہیں کہ سوشل میڈیا پر فوجی اسٹیبلشمنٹ پر کی جانے والی غلط تنقید کی مذمت کرتی ہوں۔

آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سلیم جھگڑا نے کہا کہ عمران خان کے خلاف 9 مئی کے مقدمات بنائے گئے اور ان مقدمات میں ایسی کوئی وجہ نہیں ہے کہ اسے فوجی عدالت میں لیکر جایا جائے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے ایک روز قبل اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ایک منصوبہ بنایا گیا کہ مجھے بھی نو مئی کے مقدمات میں ملٹری جیل میں ڈالیں، اور ملٹری کورٹ لیکر جائیں۔

تیمور سلیم جھگڑا نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے، یہ ضرور ہے کہ ماضی میں ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں اور ہم اس کا اعتراف کرتے ہیں اور ہم اپنی غلطیوں سے سیکھیں گے۔

پی ٹی آئی کے کیسز کی بات کرتے ہوئے تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے تھے کہ پی ٹی آئی سے انتخابی نشان لینا پارٹی پر پابندی لگانا نہیں تھا۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پر چھاپے کی بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چھاپے کے بعد ہماری 13 خواتین کو حراست میں رکھا گیا اور جب ہم متعلقہ تھانے پہنچے تو ہم سے جھوٹ بولا گیا کہ یہاں کوئی خواتین نہیں ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ آج پاکستان میں نان اسٹیک ایکٹرز اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، ملک کے اندر ان کی جماعت (پی ٹی آئی) کے لوگ پاکستان کو کمزور کرنے کی باتیں کررہے ہیں۔

انھوں نے الزام عائد کیا کہ بنوں واقعے میں بھی پی ٹی آئی کے لوگ شامل تھے، تحریک انصاف پاکستان کی صرف تباہی چاہتی ہے، پی ٹی آئی نے پاکستانی عوام میں نفرت کا بیج بویا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہا کہ سوشل میڈیا پر فوج اور حکومت پر تنقید کی جاتی ہے، اس وقت فوجی اسٹیبلشمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ ان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ ان کا سیاست میں کردار ہے، تاہم سوشل میڈیا پر فوجی اسٹیبلشمنٹ پر کی جانے والی غلط تنقید کی مذمت کرتی ہوں۔

سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے شہلا رضا نے کہا کہ عدالت سے جو فیصلہ آئے اس پر عملدر آمد کرنا چاہیے تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ پی ٹی آئی سیٹیں مانگنے عدالت گئی ہی نہیں لیکن اسے نواز دیا گیا۔

MAY 9 RIOTS

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)