آپریشن سے متعلق ہمیں آج تک بریفنگ نہیں دی گئی، رؤف حسن کی گرفتاری قابل مذمت ہے، پی ٹی آئی
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے آپریشن عزم استحکام سے متعلق کہا ہے کہ آپریشن سے متعلق ہمیں آج تک بریفنگ نہیں دی گئی جب کہ پارٹی ترجمان رؤف حسن کی گرفتاری قابل مذمت ہے، دفتر پر چھاپے کے بعد ہمارے 10 ورکرز لاپتا ہیں۔
خیبرپختونخوا ہاؤس، اسلام آباد میں پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم روف حسن کی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہیں، تمام تر اقدامات کے باوجود 3 کروڑ عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم ہمارے 10 ورکرز کہاں ہیں، پی ٹی آئی دہشتگردی کی ہر شکل کی مذمت کرتی ہے۔
آپریشن عزم استحکام سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے کہا جو آپریشن کیا جارہا اس پر ہمیں بریف کیا جائے، ہمیں آج تک بریفنگ نہیں دی گئی۔‘
بیرسٹرگوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر ضرور عمل درآمد ہوگا، ہم نہیں چاہتے کہ ہماری فوج کمزور ہو۔
اس موقع پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ لندن پلان کے بعد معیشت کے پرخچے اڑ گئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے خلاف دہشتگردی کے پرچے کاٹے گئے، بانی پی ٹی آئی سے بڑا کوئی محب وطن نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گندم کسانوں سے خریدنے کے بجائے درآمد کی گئی، پنجاب کے کاشتکاروں کی خون پیسے کی کمائی چھینی گئی۔
عمرایوب نے کہا کہ 500 ارب کا پیٹرول ایران سے اسمگل ہو کر پاکستان آتا ہے، کون سی مخلوق پیٹرول پاکستان لاتی ہے، ایک ایک ٹرک پر 30 سے 35 لاکھ روپے دیئے جاتے ہیں۔
Comments are closed on this story.