Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا

سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کسی دباؤ کی وجہ سے نہیں کیا، کسی اور جماعت میں جانے کا ارادہ نہیں، پی ٹی آئی رہنما
اپ ڈیٹ 21 جولائ 2024 03:23pm
شفقت محمود (فوٹو: فائل)
شفقت محمود (فوٹو: فائل)

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق وفاقی وزیر اور سینئر سیاست دان شفقت محمود نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں شفقت محمود کا کہنا تھا کہ آج سے 34 سال پہلے میں نے سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے کر سیاست میں قدم رکھا، بہت سوچ و بچار کے بعد میں نے اب سیاست سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ میں اپنی باقی عمر تحریر اور تدریس کے لیے وقف کرنا چاہتا ہوں، یہ فیصلہ نا ہی کسی پریشر کی وجہ سے ہے اور نا ہی میرا ارادہ کسی اور سیاسی جماعت میں جانے کا ہے، یہ اعلان صرف سیاست سے علیحدگی کا ہے اور اس کا تعلق وقت اور عمر کے تقاضے سے ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں ان سے مکمل اتفاق کرتا ہوں جو کہتے ہیں کہ سیاست میں نوجوانوں کو آگے آنا چاہیے، سیاست کے اس سفر کے دوران بہت سے نشیب و فراز آئے، سینیٹ و قومی اسمبلی کا ممبر اور وفاقی و صوبائی وزیر رہا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اعلان صرف سیاست سے علیحدگی کا ہے اور اس کا تعلق وقت اور عمر کے تقاضے سے ہے، میں ان سے مکمل اتفاق کرتا ہوں جو کہتے ہیں کے سیاست میں نوجوانوں کو آگے آنا چاہیئے۔

شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہ جیل کی یاترا کرنے کا بھی اتفاق ہوا، مجھے اطمینان ہے کہ میں نے ہمیشہ اپنی ساری ذمہ داریاں نہایت ایمانداری سے سرانجام دیں، ہر عہدے کو ایک فرض سمجھ کر نبھایا، اللہ کا شکر ہے کہ آج تک کسی نے ناجائز الزام تک نہیں لگایا۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بطور وزیر تعلیم پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ یکساں نصاب بنایا اور کووڈ کے مشکل وقت میں تعلیمی نظام کامیابی سے سنبھالا، میں چیئرمین تحریک انصاف کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے یہ خدمت کا موقع فراہم کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں تحریک انصاف اور اپنے حلقے کے عوام کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے دو دفعہ مجھے شرف نمائندگی بخشا، ملک کی خدمت کا یہ جذبہ تاحیات رہے گا اور امید ہے کہ تحریر و تدریس اور میڈیا کے ذریعے یہ سفر جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ 12 جون کی میڈیا رپورٹ نے شفقت محمود کے ٹوئٹ پر جاری بیان کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ شفقت محمود نے فروری 2024 میں منعقد ہونے والے اگلے عام انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔

کورونا دور میں آپ نے تعلیمی نظام کو تباہ کر دیا، شفقت محمود کے ٹوئیٹ پر شدید تنقید

پنجاب اور کے پی میں ایک بار پھر پی ٹی آئی کی حکومت بنے گی، شفقت محمود کا دعویٰ

کاغذات نامزدگی واپس لینے کے آخری روز شفقت محمود سمیت کون سے سیاستدان دستبردار ہوگئے

انہوں نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ 130 اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ 170 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے تاہم الیکشن سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ اپریل 2022 میں جب پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہونے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان نے لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم ان کے مارچ میں شرکت کرنے والے افراد کی تعداد کہیں کم تھی جس پر شفقت محمود نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ ہماری تیاری نہیں تھی۔

بعدازاں 3 جون کو سابق وفاقی وزیر تعلیم اور پاکستان تحریک انصاف کے اُس وقت کے پنجاب کے صدر شفقت محمود نے صحت کی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا دعویٰ تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے انہیں 25 مئی کے آزادی مارچ کے سلسلے میں صوبے کے عوام کو متحرک کرنے میں ناکامی پر استعفیٰ دینے کا کہا تھا۔

pti leader

اسلام آباد

Shafqat Mehmood

Pakistan Politics

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)