Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

گلوبل سائبر سیکیورٹی فرم کے سسٹم میں تکنیکی خرابی تاحال دور نہیں کی جا سکی، 32 کھرب کا نقصان

جرمنی، برطانیہ، نیوزی لینڈ، پولینڈ، جاپان اور بھارت میں ہوائی اڈے تاحال متاثر ہیں
اپ ڈیٹ 21 جولائ 2024 06:55pm

گلوبل سائبر سیکیورٹی فرم کے سسٹم میں تکنیکی خرابی کو اب تک مکمل طور پر ٹھیک نہ کیا جا سکا، جرمنی، برطانیہ، نیوزی لینڈ، پولینڈ، جاپان اور بھارت میں ہوائی اڈے تاحال متاثر ہیں، کمپنی کراؤڈ اسٹرائیک کو 32 کھرب سے زیادہ کا نقصان ہو گیا۔

گلوبل سائبر سیکیورٹی فرم کے سسٹم میں تکنیکی خرابی، فضائی اور کاروباری سرگرمیاں معطل، مکمل بحالی میں ہفتے لگ سکتے ہیں۔ جرمنی کی سائبر سیکیورٹی چیف نے آگاہ کر دیا۔

سائبر سیکیورٹی چیف نے کہا کہ مسئلے کے حل میں ابھی وقت درکار ہے، ہم اس کا فوری حل نہیں نکال سکتے، ابھی اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے کہ کتنا وقت لگے گا لیکن وعدہ ہے کہ جلد سے جلد اس پر قابو پالیں گے۔

کراؤڈ اسٹرائیک کے سی ای او نے بھی کہا دیا کہ دنیا بھر میں سسٹم معمول پر آنے میں وقت لگ سکتا ہے، کراؤڈ اسٹرائیک سافٹ ویر اپ ڈیٹ سے آئی ٹی سسٹم کی عالمی بندش پر کمپنی کے سی ای او جارج کرٹز نے معذرت کرلی۔

ایکس پر پوسٹ میں کہا کمپنی نے مسئلے کے حل کے لیے ایک اور اپڈیٹ دے دی ہے، پولینڈ، جرمنی، برطانیہ، نیوزی لینڈ، جاپان اور بھارت میں سسٹم اب تک مکمل بحال نہ ہوسکا۔

دوسری جانب ایئرپورٹس پر مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، سوئٹزرلینڈ کے سب سے بڑے ہوائی اڈے زیورخ نے بھی طیاروں کو لینڈنگ سے روک دیا، پولینڈ میں مسافروں سے فون پر تصدیق کے بعد ایئرپورٹ آنے کی اپیل، انتظامیہ نے روانگی کے وقت سے تین گھنٹے پہلےپہنچنے کی ہدایت کردی۔

امریکا میں اسپتالوں میں مریضوں کے ڈیٹا کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے امریکا کے کئی اسپتالوں میں آپریشنز منسوخ کردیے گئے۔

علاوہ ازیں کئی ممالک میں آئی ٹی سروسز آہستہ آہستہ بحال ہونے لگیں جنوبی افریقہ میں ایئرپورٹس اور بینکس نے صورتحال پر قابو پالیا۔