Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعظم شہباز شریف کی عمان کو دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے تعاون کی پیشکش

وزیراعظم سے عمان کے سفیر کی ملاقات، مسقط میں امام بارگاہ پر حملے کی شدید مذمت
شائع 19 جولائ 2024 03:30pm

وزیراعظم شہباز شریف نے عمان کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے تعاون کی پیشکش کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی کی ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم نے مسقط کے ضلع وادی کبیر میں امام بارگاہ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور شہید پاکستانیوں کی میتوں کی واپسی اور زخمیوں کے علاج کے لیے عمان کے تعاون کو سراہا۔

شہباز شریف نے سلطان ہیثم بن طارق کے لیے نیک خواہیشات کا اظہار کیا، ملاقات میں وزیراعظم نے سلطان عمان کے ساتھ عیدالاضحی و عیدالفطر پرٹیلیفونک رابطوں کا ذکر بھی کیا۔

عمان کی امام علی مسجد میں فائرنگ سے 4 پاکستانی، ایک ہندوستانی سمیت 9 افراد جاں بحق

وزیراعظم کی طرف سے سلطان ہیثم بن طارق کو دورہ پاکستان کی دعوت دینے کا اعادہ کیا گیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عمان کے تعلقات مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافت پرمبنی ہیں، انہوں نے تجارت، توانائی، دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کا تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کے لیے وفد کو دورہ پاکستان کی ترغیب پر سفیر عمان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ باہمی طور پر مفید نتائج کے حصول کے لیے عمان کے وفد کو مکمل تعاون فراہم کریں گے۔

عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی نے سلطان عمان کی طرف سے وزیراعظم محمد شہبازشریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

اسلام آباد

Oman

PM Shehbaz Sharif