کوئی بھی طاقت چین اور پاکستان کے درمیان بھائی چارے کو ختم نہیں کرسکتی، چینی سفیر
چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 97 ویں سالگرہ کی تقریب ، کوئی بھی طاقت چین اور پاکستان کے درمیان آہنی پوشیدہ دوستی اوردونوں افواج کے درمیان بھائی چارے کو ختم نہیں کرسکتی،،چینی سفیرکا اعلان، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اورچین کے تعلقات غیرمعمولی اور مثالی ہیں، دونوں ممالک نے ہمیشہ باہمی اعتماد اورایک دوسرے کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بدلتی ہوئی اسٹریٹجک صورتحال کا مقابلہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 97 ویں سالگرہ کی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ اس موقع پرمہمان خصوصی تھے، جبکہ چینی دفاعی اتاشی میجرجنرل وانگ ژونگ ،چینی سفارتخانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے افسران نے تقریب میں شرکت کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے چینی مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے پی ایل اے کو مبارکباد دی اورچینی دفاع، سلامتی اورملکی ترقی میں پی ایل اے کے تعاون کو سراہا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات غیر معمولی اور مثالی ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ بدلتی ہوئی اسٹریٹجک صورتحال کا مقابلہ کیا ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیرکا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان تعلقات مضبوط نوعیت کے ہیں اوردونوں افواج دوطرفہ فوجی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں،، جو دونوں ممالک کے درمیان آہنی بھائی چارے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے چینی سفیر نے پی ایل اے کے قیام کی 97ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کی میزبانی کرنے پرآرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔
، چینی سفیر نے کہا کہ پاکستانی فوج ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے رہی ہے اور پاکستان اور خطے کے امن و استحکام کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
چینی سفیر نے کہا کہ ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے اپنے بھائیوں کیساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں اور اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ کوئی بھی طاقت چین اورپاکستان کے درمیان آہنی دوستی اوردونوں افواج کے درمیان بھائی چارے کوختم نہیں کرسکتی۔
Comments are closed on this story.