Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی پر پابندی کے حکومتی فیصلے سے اتحادیوں کا اظہار لاعلمی، پیپلز پارٹی کی مخالفت

سیاسی جماعت پر پابندی کا اقدام ہمیشہ ناکام رہا ہے اور ایسے اقدام کو تاریخ کے کوڑے دان میں پھینکا گیا ہے، رضا ربانی
شائع 15 جولائ 2024 08:06pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کے حکومتی فیصلے پر اعتماد نہ لینے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اس فیصلے کا علم نہیں ہے۔ ایم کیو ایم نے بی حکامتی فیصلے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

پیر کو میڈیا سے گفتگو میں خورشید شاہ نے پی ٹی آئی پر پابندی کے حکومتی فیصلے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی طرح ہم نے بھی یہ بات سنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس فیصلے پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا اور ہمیں اس کا علم نہیں، اب یہ عدالتوں کے فیصلے ہیں تو دیکھیں عدالت کیا فیصلہ کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سیاست کرنی چاہیے، ان چیزوں سے مسئلے حل نہیں ہوں گے، جو ملک کے حالات چل رہے ہیں اس میں سب کو مل کر بیٹھنا چاہیے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ میں پیپلزپارٹی میں ہوں اور پیپلز پارٹی کی پالیسی کے ساتھ کھڑا ہوں، پیپلز پارٹی کی رائے میری رائے ہے، میری ذاتی رائے کوئی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی پالیسی آجائے تو میں پھر ہی بات کر سکوں گا، پارٹی کی طرف سے ابھی کوئی ہدایات نہیں دی گئیں۔

’سیاسی جماعت پر پابندی کا اقدام ہمیشہ ناکام رہا ہے‘

قانونی اور آئینی امور پر گہری نگاہ رکھنے والے پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے تحریک انصاف پر پابندی کی مخالفت کردی۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی جماعت پر پابندی کی بات جمہوری اصولوں کے خلاف ہے اور حکومت کو ایسے اقدامات اٹھانے سے گریز کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت پر پابندی کا اقدام ہمیشہ ناکام رہا ہے اور ایسے اقدام کو تاریخ کے کوڑے دان میں پھینکا گیا ہے۔

رضا ربانی نے کہا کہ اس طرح کے اقدام سے سیاسی افراتفری بڑھے گی اور معیشت تباہ ہوگی جبکہ وفاق پر بھی اثر پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اگر فل کورٹ کے فیصلے سے ناراض ہے تو آئینی طریقے پر عمل کرے اور نظرثانی کی درخواست دائر کرے۔

’تمام تر صورتحال کے ذمہ دار بانی پی ٹی آئی ہیں‘

پیپلز پارٹی کے دونوں سینئر رہنماؤں کے برعکس سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس تمام تر صورتحال کے ذمہ دار بانی پی ٹی آئی ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ شرجیل میمن نے کہا کہ آج جو کچھ بھی ہوا وہ پی ٹی آئی قیادت کے رویے اور ان کی انتہا پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کے ذمہ دار بانی پی ٹی آئی ہیں کیونکہ تشدد، انتہا پسندی اور فاشزم پاکستان کی سیاست کے ساتھ نہیں چل سکتے۔

ایم کیو کیو پاکستان کا ردعمل

ایم کیو کیو پاکستان کے ذرائع نے حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے عندیہ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم سے حکومت نے اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے غیر جمہوری، غیر ذمہ دارانہ اور ریاست مخالف پالیسیوں کو اپنی سیاست کا حصہ بنایا، پی ٹی آئی ریاست مخالف سرگرمیوں میں بھی ملوث رہی ہے۔

Pakistan People's Party (PPP)

Ban on PTI