Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اننت امبانی کی شادی میں پاکستانی ڈیزائنر چھا گئے

کئی مشہور سیلیبریٹیز ان ملبوسات کو زیب تن کئے محفل کی رونق بن گئے
اپ ڈیٹ 15 جولائ 2024 10:54am

ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین اور دنیا کی امیر ترین کاروباری شخصیت مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی کی شاندار تقریبات بالآخر اپنے اختتام کو پہنچ گئیں۔ سوشل میڈیا پر یہ تقریبات خبروں میں ان ہیں۔ اننت امبانی کی شادی ستاروں سے بھری ایک بہت بڑی تقریب ہے۔

مکیش امبانی نے اپنے بیٹے کی شادی کی تقریبات میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی تمام اہم بین الاقوامی اور قومی شخصیات کو مدعو کیا تھا۔

مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی 12 جولائی کو ویرن مرچنٹ کی بیٹی رادھیکا مرچنٹ سےہوئی۔ جوڑا اپنی شادی کی تمام تقریبات میں نہایت دلکش اور پر کشش لگ رہا تھا۔

شادی کی اہم تقریبات میں شرکت کے لیے تمام ہندوستانی مشہور شخصیات بہت پرجوش تھیں۔ ستاروں کے اس جھرمٹ میں ہر کوئی اپنے ملبوسات کے انتخاب میں ایکدوسرے سے آگے دکھائی دینے کی کوشش کر رہا تھا اور انہوں نے خصوصی تقریبات کے لئے ٹاپ ڈیزائنرز کے بہترین ملبوسات کا انتخاب کیا۔

تاہم کئی بھارتی سیلیبریٹیز نے ایک بار پھر پاکستانی ڈیزائنرز کے ملبوسات کا انتخاب کیا۔ ہاردک پانڈیا، اے پی ڈھلن، سارہ علی خان اور جے شیٹی کی اہلیہ سمیت مشہور شخصیات کو فراز منان، اقبال حسین اور محسن نوید رانجھا سمیت پاکستان کے ٹاپ ڈیزائنرز کے تیار کردہ ملبوسات پہنے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ ملبوسات دیکھنے میں انتہائی خوبصورت اور اپنی مثال آپ نظر آرہے تھے۔

اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کے سنگیت کی تقریب میں عالیہ بھٹ نے پاکستان کے معروف ڈیزائنر فراز منان کا تیار کردہ سیاہ رنگ کا لہنگا زیب تن کیا۔ اس لباس میں وہ انتہائی حسین لگ رہی تھیں۔

سارہ علی خان نے شادی کے دو تقریبات میں پاکستانی ڈیزائنر کے تیار کردہ ملبوسات پہنے۔ شادی کے پہلے روز ’شبھ ویواہ‘ پر نامور پاکستانی ڈیزائنر اقبال حسین کا تیار کردہ زیتونی رنگ والا انارکلی لباس زیب تن کیا۔

دوسرے روز ’شبھ آشیرواد‘ کی تقریب میں بھی اقبال حسین کا لانگ فراک اور گولڈن لہنگا پہنا۔ روائیتی انداز میں بنےان ملبوسات کو سوشل میڈیا صارفین نے خوب سراہا۔

ہاردک پانڈیا نے اننت اور رادھیکا کی شادی میں شرکت کے لیے معروف پاکستانی ڈیزائنر فراز منان کا تیار کردہ ہلکے گلابی رنگ کے جوڑے کا انتخاب کیا.

india

entertainment

lifestyle

Anant Ambani