ٹرمپ پر حملہ کرنے والا اُنہی کی پارٹی کا رجسٹرڈ رُکن نکلا
امریکا کے مرکزی تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے بتایا ہے کہ سابق صدر ٹرمپ پر حملہ 20 سالہ تھامس میتھیو کروکس نے کیا تھا جو سیکریٹ سروس ایجنٹس کی جوابی کارروائی میں مارا گیا۔
ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ تھامس میتھیو کروکس ری پبلکن پارٹی کا رجسٹرڈ رُکن تھا۔ امریکا کے سابق صدر پر قاتلانہ حملے کے چند گھنٹے بعد ایف بی آئی حکام نے ایک پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔ حملہ آور کو مار دیا گیا۔
تھامس میتھیو کروکس کا تعلق پنسلوینیا سے تھا۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اُس نے دیکھا کہ ایک قریبی چھت پر کوئی شخص بندوق تھامے رینگ رہا ہے تاکہ ٹھیک سے نشانہ لے سکے۔ اُس نے ٹرمپ کو خاصی بلندی سے نشانہ بنایا۔
ایف بی آئی حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے مقام سے بندوق برآمد کرلی گئی۔ مشتبہ شخص کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جارہا ہے۔ ایف بی آئی اور پولیس کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے فی الحال کوئی اور خطرہ نہیں۔
ایف بی آئی کے ترجمان انتھونی گگلئیلمی نے بتایا کہ ابھی تک واضح نہٰں ہوسکا کہ حملہ آور کا بنیادی مقصد کیا تھا یا یہ کہ اُس نے یہ حملہ کس کے کہنے پر کیا۔
مجمع میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ سابق امریکی صدر حملے میں زخمی ہونے پر علاج کے بعد نیو جرسی اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔ ان کے فوری انتخابی دورے ملتوی کردیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی بڑھائے جانے کے باعث فی الحال اُن کے لیے زیادہ نقل و حرکت ممکن نہیں۔
Comments are closed on this story.