Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

جنید اکرم کو مریم نواز کی پروموشن مہنگی کیوں پڑی، یوٹیوبر نے غلطی بھی تسلیم کی

معروف یوٹیوبر نے معافی مانگتے ہوئے اپنی غلطیاں بھی گنوادیں
شائع 13 جولائ 2024 10:30am
تصویر بذریعہ: تھنب نیل/ جنید اکرم/ یوٹیوب
تصویر بذریعہ: تھنب نیل/ جنید اکرم/ یوٹیوب

معروف یوٹیوبر جنید اکرم نے پنجاب حکومت کی پیڈ پروموشنل ویڈیو میں شرکت کی تھی، جہاں وہ پنجاب حکومت کی کارکردگی پر نظر دوڑاتے دکھائی دے رہے تھے۔

تاہم اب انہیں مریم نواز کی پیڈ پروموشنل ویڈیو میں شرکت کرنا مہنگا پڑگئی ہے، جبکہ ساتھ ہی غلطی تسلیم کرتے ہوئے جنید اکرم نے معافی بھی مانگ لی ہے۔

جنید اکرم کی جانب سے اپنی پوڈ کاسٹ میں اس حوالے سے ذکر کیا گیا ہے اور ساتھ ہی اپنی غلطیاں بھی تسلیم کی گئی ہیں۔

پوڈ کاسٹ میں جنید اکرم کا کہنا تھا کہ مجھے کرنا یہ چاہیے تھا کہ حکومت کا پلان اور عوام کے ردعمل کو سامنے رکھتا اور بتاتا کہ عوام یہ کہہ رہی ہے۔

لیکن میں نے ’لیزی‘ حرکت کی اور یہیں اے سی میں بیٹھ کر ویڈیو بنا دی جو کہ میری غلطی تھی، جبکہ جنید کا مزید کہنا تھا کہ میری ایک اور بڑی غلطی یہ بھی تھی کہ عوام مہنگائی، بڑھتے ہوئے ٹیکسز اور بجلی کے بلوں سے پریشان ہے، گرمی اور بےروزگار سے تنگ ہے اور میں خوشخبریاں سنا رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ موقع محل بھی کوئی چیز ہوتی ہے، آپ موقع دیکھتے ہو اور سوچتے ہو کہ مجھے یہ بات نہیں کرنی چاہیے، میری اسسمنٹ میں یہ غلطی ہوئی ہے، میں عوام کا ’درجہ حرارت‘ نہیں محسوس کر پایا، جو کہ میری بڑی غلطی تھی۔

واضح رہے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پیڈ پروموشن میں شرکت کے بعد سے جنید اکرم کے یوٹیوب سبسکرائبرز میں 1 لاکھ کی کمی آئی ہے۔

ایکس اکاؤنٹ ’میٹھا خروبزہ‘ کی جانب سے دعویٰ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے اپنی خواہش کے خلاف جانے والوں کو کینسل کرنا سیکھ گئی ہے، پھر چاہے وہ سیاستدان ہو، اسلامک اسکالر ہو یا پھر یوٹیوبر۔ جبکہ دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ جنید اکرم نے پیڈ وی لاگ کر کے 1 لاکھ سبسکرائبرز گنوا دیے ہیں جبکہ روزانہ کی بنیاد پر 10 سے 15 ہزار گھٹ رہے ہیں۔

دوسری جانب یوٹیوبر اسٹیٹس نامی ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2024 تک 1 اعشاریہ 15 ملین سبسکرائبرز تھے جو کہ آج ان کے یوٹیوب چینل پر گھٹ کر 1 اشاریہ 14 ملین ہو گئے ہیں۔ یعنی ذرائع کے مطابق10 ہزار سے زائد سبسکرائبرز گھٹے ہیں۔

واضح رہے یوٹیوبر کی جانب سے پنجاب حکومت کی 100 دن کی کارکردگی پر ویڈیو بنائی گئی تھی، جس میں جنید کی جانب سے مریم نواز کی حکومت کے اقدامات پر نظر ڈالی گئی تھی، جبکہ مہنگائی، عوامی مسائل کو اجاگر نہ کرنے پر سوشل میڈیا صارفین پھٹ پڑے تھے۔

Youtuber

Junaid Akram

apologize